Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران جنگ: ایندھن کی بڑھتی ہوئی قلت، یورپ میں ڈیزل کی قیمت جیٹ فیول سے زیادہ

یورپ نے جون میں جیٹ فیول کی درآمدات بڑھا کر 7 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ کردیں، جو اکتوبر 2025 کے بعد بلند ترین سطح ہے (فوٹو: دی ویک)
یورپ میں ایک سال سے زیادہ عرصے میں پہلی بار ڈیزل کی درآمدی کھیپ کی قیمت جیٹ فیول سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق، اس کی وجہ یہ ہے کہ یورپ مشرقِ وسطیٰ سے آنے والے ہوائی ایندھن کی کم ہوتی ترسیلات کے خلا کو دیگر ذرائع سے پورا کر رہا ہے، جبکہ صنعت اور زراعت کے لیے مزید ڈیزل حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایران جنگ شروع ہونے کے بعد خام تیل اور ایندھن کی ترسیل متاثر ہوئی اور قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث یورپ امریکہ اور نائیجیریا جیسے دیگر ممالک سے جیٹ فیول حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
عالمی سطح پر ڈیزل کی رسد اس وقت مزید محدود ہوگئی جب یوکرین کے روسی ریفائنریوں پر حملوں کے دوران روس نے ڈیزل کی برآمدات پر پابندی عائد کردی۔
گولڈمین ساکس کے تجزیہ کاروں نے ایک نوٹ میں کہا کہ ’موسمِ سرما کی طرف بڑھتے ہوئے ہمیں خام تیل کے مقابلے میں ڈیزل کی مسلسل قلت کے باعث قیمتوں میں اضافے کا زیادہ خطرہ نظر آ رہا ہے۔‘
جیٹ فیول کی درآمد میں اضافہ، ڈیزل کی رسد میں کمی
کپلر کے مطابق، یورپ نے جون میں جیٹ فیول کی درآمدات بڑھا کر 7 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ کردیں، جو اکتوبر 2025 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ جولائی میں بھی درآمدات تقریباً اسی سطح پر رہیں، جبکہ جنوری میں یہ شرح 6 لاکھ 12 ہزار بیرل یومیہ تھی۔
دوسری جانب یورپ کی ڈیزل درآمدات جنوری کے 19 لاکھ 70 ہزار بیرل یومیہ کے مقابلے میں جولائی میں کم ہوکر 15 لاکھ 60 ہزار بیرل یومیہ رہ گئیں۔
ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق، اسی پس منظر میں رواں ہفتے ڈیزل کی قیمت پہلی بار جیٹ فیول کی قیمت سے تجاوز کرگئی۔
ایران میں امن مذاکرات کے حوالے سے تعطل اور روسی برآمدات میں رکاوٹوں کے باعث حالیہ ہفتوں میں ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی آئی ہے اور اب یہ اپریل کی بلند ترین سطح سے صرف 14 فیصد کم ہے۔
دوسری جانب حالیہ ہفتوں میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، تاہم یہ مارچ کی ریکارڈ سطح سے اب بھی 25 فیصد کم ہے۔
ایس اینڈ پی گلوبل انرجی کے کریم فواز نے کہا کہ ’ریفائنڈ مصنوعات کی منڈیوں میں محتاط امید کا ایک مختصر دور بہت تیزی سے آبنائے ہرمز میں دوبارہ شروع ہونے والی کشیدگی، روسی مصنوعات کی رسد کے خاتمے اور ڈیزل کی برآمدات پر پابندی سے ختم ہوگیا۔‘

یورپی ممالک کو صنعت اور زراعت کے لیے مزید ڈیزل حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے (فوٹو: یورو نیوز)

تجزیہ کار کے مطابق، جیٹ فیول کی کم ہوتی طلب قیمتوں پر اثر انداز ہوسکتی ہے
جیٹ فیول کی نسبتاً کمزور پوزیشن کی ایک اور علامت یہ ہے کہ یورپ میں اس کی قیمت گیس آئل فیوچرز کے مقابلے میں کم ہوگئی ہے۔ گیس آئل فیوچرز وہ بنیادی معیار ہیں جن کو مدِنظر رکھتے ہوئے یورپ میں جیٹ فیول کی قیمت طے کی جاتی ہے۔
ایل ایس ای جی کے مطابق، 10 اگست کو یورپ پہنچنے والی جیٹ فیول کی ایک کھیپ کی قیمت گیس آئل فیوچرز کے مقابلے میں فی میٹرک ٹن 24 ڈالر کم تھی۔
ایل ایس ای جی اور آرگس میڈیا کے مطابق، یہ رعایت جولائی 2025 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ مارچ میں ایران جنگ کے عروج کے دوران ایل ایس ای جی اور آرگس نے جیٹ فیول کی قیمت کو گیس آئل کے مقابلے میں فی بیرل 500 ڈالر سے زیادہ کے پریمیم پر جانچا تھا۔
سپارٹا کموڈیٹیز کے تجزیہ کار جے مارو کے مطابق، موسمِ گرما میں سفری سرگرمیوں کے عروج کے بعد جیٹ فیول کی طلب میں کمی اور یورپ میں درآمدات بڑھنے کی توقع غالباً اس کی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہی ہے۔

شیئر: