Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امبانی کی ریلائنس اور رولز رائس انڈیا میں لڑاکا طیاروں کے انجن تیار کریں گے

مکیش امبانی کے زیرِ کنٹرول ریلائنس رولز رائس کے ساتھ مل کر انڈیا میں لڑاکا طیاروں کے انجن تیار کرے گی۔(فوٹو:اے ایف پی)
انڈین ارب پتی شخصیت مکیش امبانی کے زیرِ کنٹرول ریلائنس انڈسٹریز برطانیہ میں قائم کمپنی رولز رائس ہولڈنگز کے ساتھ مل کر انڈیا میں لڑاکا طیاروں کے انجن تیار کرے گی۔
فوربز کے مطابق دونوں کمپنیوں نے جمعے کو اعلان کیا کہ وہ انڈیا کے ایڈوانسڈ میڈیم کومبیٹ ایئرکرافٹ (اے ایم سی اے) پروگرام کے لیے مقامی طور پر لڑاکا طیاروں کا انجن مشترکہ طور پر ڈیزائن، تیار اور مینوفیکچر کریں گی۔
اے ایم سی اے پروگرام کا مقصد انڈیا کے لیے مقامی طور پر ففتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے تیار کرنا ہے، تاہم دونوں کمپنیوں نے منصوبے کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
ریلائنس انڈسٹریز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اننت امبانی نے کہا کہ ’انڈیا کی سٹریٹجک خودمختاری کے لیے اہم ٹیکنالوجیز میں خود انحصاری ضروری ہے۔‘
ان کے مطابق ’ریلائنس کی ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور صنعتی صلاحیتوں کو رولز رائس کی جدید پروپلشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ملا کر انڈیا میں مقامی ایرو انجن کا ایک مضبوط نظام قائم کرنے کا ارادہ ہے۔‘
منصوبے کے تحت دونوں کمپنیاں ایک خصوصی ایرو سپیس گیس ٹربائن کمپلیکس قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں، جہاں جدید پاور اور پروپلشن ٹیکنالوجیز کی تیاری پر توجہ دی جائے گی۔
فوربز کے مطابق مجوزہ کمپلیکس کے ذریعے دفاعی شعبے کے علاوہ سول ایوی ایشن اور پاور و پروپلشن کے نئے نظاموں میں بھی مزید شراکت داری کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔
رولز رائس کے چیف ایگزیکٹو ٹوفن ایرگن بلگچ نے کہا کہ ’انڈیا میں کمپنی کی موجودہ شراکت داریوں اور صلاحیتوں کے ساتھ یہ منصوبہ ملک میں ایک مضبوط اور خود انحصار ایرو سپیس نظام کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔‘
رپورٹس کے مطابق انڈیا کی حکومت نے مئی میں اے ایم سی اے پروگرام کے لیے تقریباً 15 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، یعنی تقریباً 43 ارب 58 کروڑ پاکستانی روپے مختص کیے تھے۔ اس رقم کا مقصد اگلی نسل کے لڑاکا طیاروں کی تیاری کے عمل کو تیز کرنا ہے۔
اے ایم سی اے پروگرام انڈیا کی فضائیہ کے لیے مقامی طور پر پانچویں نسل کے لڑاکا طیارے تیار کرنے کا منصوبہ ہے، جس میں جدید جنگی صلاحیتوں اور سٹیلتھ ٹیکنالوجی کو شامل کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق مکیش امبانی کی موجودہ دولت کا تخمینہ 89.9 ارب ڈالر ہے اور وہ ایشیا پیسیفک خطے کے امیر ترین کاروباری شخص ہیں۔
امبانی ریلائنس انڈسٹریز کی قیادت کر رہے ہیں، جس کے کاروباری مفادات توانائی، پیٹروکیمیکل، ٹیلی کمیونیکیشن، ریٹیل، میڈیا اور مالیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔
ریلائنس اور رولز رائس کی یہ شراکت داری ریلائنس کے فوجی ایوی ایشن کے شعبے میں توسیع کی جانب اہم پیش رفت ہے، جبکہ اے ایم سی اے پروگرام کے ذریعے انڈیا جدید لڑاکا طیاروں کی مقامی تیاری کی صلاحیت بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

شیئر: