Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کا ’اشارہ‘، میسی نے مستقبل کا فیصلہ کس پر چھوڑا؟

رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا ممکنہ سال بتا دیا جبکہ میسی نے کوئی حتمی وقت دینے سے گریز کیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
فٹ بال کی دنیا پر دو دہائیوں سے زائد عرصے تک راج کرنے والے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو اب اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں تاہم دونوں کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے صورتحال مختلف ہے۔ 

رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا ممکنہ سال بتا دیا ہے جبکہ میسی نے اب تک کوئی حتمی وقت دینے سے گریز کیا ہے۔

امریکی سپورٹس ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق رونالڈو نے ’ووگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ غالباً ان کے کیریئر کا آخری سال ہو گا اور وہ ایک شاندار ورثہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو کا سعودی کلب النصر کے ساتھ معاہدہ جون 2027 تک ہے، اس لیے ان کے بیان سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ 2026-27 سیزن کے اختتام پر پروفیشنل فٹ بال کو خیرباد کہہ سکتے ہیں تاہم انہوں نے ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
پرتگالی سٹار اس سے قبل بھی ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر ایک یا دو سال مزید کھیل سکتے ہیں اور 2026 ورلڈ کپ کو اپنا آخری عالمی کپ قرار دیا تھا۔

تاہم ورلڈ کپ میں پرتگال کی شکست کے بعد بھی رونالڈو نے فوری طور پر فٹ بال سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی۔


پرتگالی سٹار اس سے قبل بھی ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے کا عندیہ دے چکے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

دوسری جانب لیونل میسی نے اپنی ریٹائرمنٹ کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی لیکن ان کے حالیہ بیان نے مداحوں میں تشویش ضرور پیدا کردی ہے۔
39 سالہ میسی نے اپنے والد خورخے میسی کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام میں کہا کہ انہیں اب یہ بھی یقین نہیں کہ وہ مزید کتنے عرصے تک فٹبال کھیلتے رہیں گے۔
میسی اس وقت انٹر میامی کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان کا معاہدہ دسمبر 2028 تک ہے۔

اس لیے کاغذ پر ارجنٹائن کے کپتان کے پاس رونالڈو کے مقابلے میں کہیں زیادہ وقت موجود ہے لیکن میسی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ عمر کو نہیں بلکہ اپنی جسمانی حالت، کارکردگی اور کھیل سے لطف اندوز ہونے کو ریٹائرمنٹ کا پیمانہ سمجھیں گے۔


میسی اس وقت انٹر میامی کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان کا معاہدہ دسمبر 2028 تک ہے (فوٹو:اے ایف پی)

میسی نے 2024 میں کہا تھا کہ جب انہیں محسوس ہو گا کہ وہ پہلے کی طرح کارکردگی نہیں دکھا سکتے، ٹیم کی مدد نہیں کر سکتے یا کھیل سے لطف اندوز نہیں ہو رہے تو وہ میدان چھوڑ دیں گے۔

2026 کا ورلڈ کپ دونوں سٹارز کا آخری ورلڈ کپ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ رونالڈو پہلے ہی اسے آخری کپ قرار دے چکے ہیں جبکہ میسی کی عمر 2030 کے کپ تک 40 سے تجاوز کر چکی ہو گی۔

رونالڈو کے اعلان کے بعد خیال یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر میسی بھی ایسا اعلان کر سکتے ہیں تاہم شائقین کا خیال ہے کہ انہیں مزید کھیلنا چاہیے۔

شیئر: