انڈین فلم سٹار شاہ رخ خان کے گھر میں آٹھ فٹ سانپ نکل آیا
انڈین فلم سٹار شاہ رخ خان کے گھر میں آٹھ فٹ سانپ نکل آیا
منگل 18 اگست 2026 17:49
17 اگست کی شام کو منّت کے باغیچے میں ایک شیڈ کے نیچے دو سانپ آپس میں لپٹے ہوئے پائے گئے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
بالی وُڈ کے سُپر سٹار شاہ رخ خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ ’منّت‘ کے باغیچے سے تقریباً آٹھ فٹ لمبا سانپ پکڑ لیا گیا، جبکہ ایک دوسرا سانپ فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔
انڈین میڈیا کے مطابق 17 اگست کی شام کو منّت کے باغیچے میں ایک شیڈ کے نیچے دو سانپ آپس میں لپٹے ہوئے پائے گئے، جس کے بعد سانپ پکڑنے والے ماہر وکی دوبے کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع محکمہ جنگلات کے حُکام کو بھی دی گئی۔
وکی دوبے نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً آٹھ فٹ لمبے ایک سانپ کو بحفاظت پکڑ لیا۔
پکڑے گئے سانپ کی شناخت دھامن یا انڈین ریٹ سنیک کے طور پر کی گئی، جو ایک غیر زہریلی نسل ہے اور انسانوں کے لیے خطرناک نہیں سمجھی جاتی۔
تاہم دوسرا سانپ وہاں موجود افراد کے جمع ہونے کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کے بعد منّت کے سکیورٹی عملے اور گھر کے دیگر افراد میں تشویش پھیل گئی۔
دوسرے سانپ کی تلاش کے لیے رات گئے تک گھر کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن جاری رہا، تاہم اسے تلاش نہیں کیا جا سکا۔
ماہر کے مطابق پکڑے گئے سانپ کی شناخت دھامن یا انڈین ریٹ سنیک کے طور پر کی گئی (فوٹو: سوشل میڈیا)
سانپ پکڑنے والے ماہر نے وہاں موجود افراد کو یقین دلایا کہ پکڑا گیا سانپ بے ضرر ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ بعد ازاں محکمہ جنگلات کے ضابطوں کے مطابق سانپ کو بحفاظت اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا گیا ہے۔