Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دانش تیمور سے علیحدگی کی افواہوں پر عائزہ خان کا ردِعمل

گزشتہ کئی دن سے سوشل میڈیا پر عائزہ اور دانش کی طلاق کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ (فوٹو: عائزہ خان، انسٹاگرام)
پاکستان کی مشہور اداکارہ عائزہ خان نے اپنے اور شوہر دانش تیمور کے درمیان علیحدگی اور طلاق سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
گزشتہ کچھ عرصے سے عائزہ خان اور دانش تیمور کی ازدواجی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ 
ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب عائزہ خان نے اپنے شوہر کے ساتھ موجود بعض تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہٹائیں یا ان میں ترمیم کی، جبکہ وہ حالیہ عرصے میں اپنے لباس اور سوشل میڈیا انداز میں بھی نمایاں تبدیلیاں کرتی دکھائی دیں۔
معاملہ اس وقت مزید زیرِ بحث آیا جب عائزہ خان دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمسفرائی‘ کے فائنل کی پریمیئر تقریب میں بھی نظر نہیں آئیں۔
ان تمام باتوں کو جوڑتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کے درمیان اختلافات اور ممکنہ علیحدگی کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔

اداکارہ نے فین کی جانب سے کیے گئے میسج کا جواب دیتے ہوئے طلاق کی خبروں کو جعلی قرار دیا۔ (فوٹو: سکرین شاٹ، انسٹاگرام)

اسی دوران اداکارہ اور ماڈل رابعہ عابد علی نے بھی عائزہ خان اور دانش تیمور کی شادی کی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے جوڑے سے متعلق گردش کرنے والی ایک بڑی افواہ کا ذکر کیا اور خواہش ظاہر کی کہ یہ خبر غلط ہو۔
تاہم اب عائزہ خان نے خود اس معاملے پر مختصر مگر واضح ردِعمل دے دیا ہے۔ اداکارہ نے ایک فین پیج کی جانب سے کیے گئے تبصرے کے جواب میں کہا کہ ان کے اور دانش تیمور کے درمیان علیحدگی سے متعلق افواہیں جعلی ہیں۔
عائزہ خان کے اس جواب کے بعد ان کے مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ بعض صارفین نے سوال بھی اٹھایا کہ اگر افواہیں بے بنیاد ہیں تو اداکارہ نے دانش تیمور کے ساتھ تصاویر کیوں حذف یا تبدیل کیں۔

شیئر: