Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالی وڈ اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

ہیڈن پنیٹیئر اتوار کی دوپہر کو اپنے اپارٹمنٹ میں بے ہوش حالت میں پائی گئیں (فوٹو: گیٹی)
ٹی وی سیریز ’ہیروز‘ اور ’نیش وِل‘ میں اپنے کرداروں کے باعث شہرت حاصل کرنے والی ہالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
’سی این این‘ کے مطابق اداکارہ کے نمائندے نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔
ہیڈن پنیٹیئر کے والد سکیپ پنیٹیئر نے ایک بیان میں کہا کہ ’میری بیٹی ایک ایسی شخصیت تھیں جنہوں نے اپنے ارد گرد موجود لوگوں اور دنیا بھر میں انہیں سکرین پر دیکھنے والوں کی زندگیوں میں بے پناہ خوشی اور محبت بھری۔‘
رپورٹس کے مطابق ہیڈن پنیٹیئر اتوار کی دوپہر جنوبی کیرولائنا کے شہر گرین وِل میں ایک اپارٹمنٹ میں بے ہوش حالت میں پائی گئیں۔ پولیس کو تقریباً دوپہر ایک بج کر 51 منٹ پر ایک بے ہوش خاتون کی اطلاع دی گئی، طبی امداد فراہم کی گئی تاہم اداکارہ کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس اور گرین وِل کاؤنٹی کورونر کا دفتر واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں کسی مجرمانہ کارروائی یا مشتبہ حالات کے شواہد نہیں ملے۔
ہیڈن پنیٹیئر نے ’ہیروز‘ میں کلیئر بینیٹ اور ’نیش وِل‘ میں جولیٹ بارنز کا کردار ادا کیا۔ وہ ’سکریم فور‘ اور ’سکریم فائیو‘ سمیت ’آئی لو یو بیت کوپر‘، ’ریممبر دی ٹائٹنز‘ اور ’آئس پرنسس‘ جیسی فلموں میں بھی نظر آئیں۔
اداکارہ نے اپنی زندگی میں نشے کی لت، پوسٹ پارٹم ڈپریشن اور گھریلو تشدد جیسے مسائل پر کھل کر بات کی۔ رواں برس شائع ہونے والی اپنی یادداشت ’دِس اِز می: اے ریکننگ‘ میں انہوں نے بچپن سے بطور اداکارہ سفر اور ذاتی مشکلات کا ذکر کیا۔
ہیڈن پنیٹیئر کی 11 سالہ بیٹی کایا، سابق باکسر ولادیمیر کلِٹسکو سے ہے۔ اداکارہ کے بھائی جانسن پنیٹیئر بھی 2023 میں 28 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
اداکاری کے علاوہ ہیڈن پنیٹیئر ذہنی صحت، جانوروں کے حقوق، ماحولیاتی مسائل اور یوکرین کے لیے بھی آواز اٹھاتی رہی تھیں۔
اداکاروں کی یونین ’سیگ ایفٹرا‘ نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی طویل فنی خدمات اور ’ہیروز‘ اور ’نیش وِل‘ میں یادگار کرداروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شیئر: