سعودی فوٹوگرافرز کے لینز میں قید لمحات، تبدیلی کی کہانی
سعودی عرب کا جغرافیائی اور قدرتی تنوع فوٹوگرافی کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
دنیا بھر میں ہر سال 19 اگست کو ورلڈ فوٹوگرافی کا عالمی دن منایا جاتا ہے جو لمحات اور یادوں کو محفوظ رکھنے اور اپنے اظہار کو ممکن بنانے میں فوٹوگرافی کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وژن 2030 کے زیرِ اثر سعودی عرب میں فوٹوگرافی کا شعبہ زبردست پیش رفت سے گزرا ہے۔ فوٹوگرافی اب صرف ایک انفرادی شوق تک محدود نہیں رہی بلکہ ایک ایسی پیشہ ورانہ صنعت بن چکی ہے جو سیاحت، تفریح اور ثقافت کے شعبوں کو بھرپور تقویت دے رہی ہے۔
سعودی عرب کا جغرافیائی اور قدرتی تنوع فوٹوگرافی کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے جہاں بلند پہاڑ، بحیرۂ احمر کے خوبصورت ساحل، عسیر کے سرسبز مناظر اور الدرعیہ کی تاریخی کچی اینٹوں سے بنی عمارتیں نمایاں ہیں۔
یہ تنوع مقامی اور بین الاقوامی فوٹوگرافروں کو جزیات سے بھرپور، بدلتے ہوئے قدرتی مناظر فراہم کرتا ہے۔ سعودی فوٹوگرافر اب صرف اپنے ارد گرد کے ماحول کو عکس بند نہیں کر رہے بلکہ وہ عالمی سٹیج پر اپنے ملک کی ثقافت کو پیش کرنے والے سفیر بن چکے ہیں۔
ان میں سے متعدد فوٹوگرافروں نے قدرتی اور دستاویزی فوٹوگرافی کے عالمی مقابلے جیت کر معتبر بین الاقوامی اعزازات حاصل کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی سعودی فوٹوگرافروں نے پرانے تاثرات کو بدلنے اور سعودی عرب کو تخلیق اور الہام کا ایک متحرک عالمی مرکز ظاہر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ویژوئل آرٹس کمیشن نے ویژوئل آرٹس ایکوسسٹم کو فعال بنانے، فوٹوگرافروں کو بااختیار بنانے اور انہیں ایسے فن پارے تخلیق کرنے کی ترغیب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جو تخلیقی منظرنامے کو شاندار بناتے ہیں۔

اس کا مقصد سعودی عرب کو اس شعبے میں پیش پیش رکھنا ہے۔ اس مقصد کے لیے کمیشن ایسے پروگرامز اور اقدامات پر عمل پیرا ہے جن کا مقصد ایک پائیدار اور ترقی پذیر ماحول کے لیے ضروری بنیادیں فراہم کرنا ہے۔ یہ سعودی صلاحیتوں کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف مواقع پیدا کرنے کی خاطر متعلقہ اداروں کے ساتھ شراکت داری بھی بڑھا رہا ہے۔
فوٹوگرافی کے شعبے کے لیے کمیشن کی سرپرستی فوٹوگرافروں کو بااختیار بنانے، صلاحیتوں کو نکھارنے اور سعودی فوٹوگرافی کی موجودگی کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان اقدامات میں کنگڈم فوٹوگرافی ایوارڈ شامل ہے، جو فوٹوگرافرز کی پذیرائی کرتا ہے اور فنی منظرنامے میں ان کی موجودگی کو نمایاں کرتا ہے۔
