Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی حملے میں زخمی پاکستانی ملاح وطن واپس پہنچ گئے، دو افراد کی میتیں بھی منتقل

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حالیہ حوثی حملے میں زخمی ہونے والے چھ پاکستانی ملاح بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ حملے میں ہلاک ہونے والے دو پاکستانی ملاحوں کی میتیں بھی پاکستان منتقل کردی گئی ہیں۔
اسحاق ڈار کے مطابق زخمی ملاحوں کی وطن واپسی اور ہلاک افراد کی میتوں کی باعزت اور جلد از جلد پاکستان منتقلی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی تھی۔
انہوں نے جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل اور ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کی بروقت اور بھرپور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن میں پاکستان کا سفارتی مشن موجود نہ ہونے کے باوجود دونوں سفارتی مشنز نے زخمی ملاحوں کی واپسی اور میتوں کو یمن سے سعودی عرب کے راستے پاکستان پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان میں ملاحوں کی آمد اور بعد ازاں ضروری انتظامات میں سہولت فراہم کرنے پر تمام متعلقہ اداروں، بالخصوص وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، کی کوششوں کو بھی سراہا۔
اسحاق ڈار نے سعودی وزارت خارجہ کے تعاون پر بھی گہری قدردانی کا اظہار کیا، بالخصوص جدہ میں فراہم کی جانے والی طبی امداد اور زخمی پاکستانی ملاحوں کی وطن واپسی کے لیے کیے گئے انتظامات پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
زخمیوں میں ظہیر احمد، محمد امیر حمزہ، امتیاز علی جمعرات کی صبح  پی آئی اے کی پرواز پی کے 742 کے ذریعے اسلام آباد جبکہ محمد عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید پی کے 726 کے ذریعے کراچی پہنچے۔
حوثیوں کے حملے میں جان سے جانے والے عمیر افضل اور  محمد اکرم کی میتیں السعودیہ کی پرواز ایس وی 700 کے  ذریعے کراچی پہنچائی گئیں۔
پاکستانیوں کی نعشوں اور زخمیوں کو یمن سے سعودی عرب منتقل کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے انہیں بحیرہ احمر کے پورٹ سٹی موخا سے بذریعہ سڑک عدن پہنچایا گیا تھا۔ جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔
 بعد ازاں سعودی حکام کے تعاون سے عدن سے یمن ایئر کی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستانیوں کو جدہ لایا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ نے جدہ میں انتظامات کیے۔ ایمبولینسز اور دس رکنی میڈیکل ٹیم موجود تھی۔
 قونصل جنرل مصطفی ربانی اور قونصلیٹ کے دیگر افسران ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ انہوں نے زخمی پاکستانیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی وطن واپسی کے لیے تعاون کیا۔
قونصل جنرل مصطفی ربانی نے جدہ میں سعودی وزارت دفاع کی ٹیم اور یمن میں سعودی سفیر احمد الجابر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے چھ پاکستانی ملاحوں اور  عملے کے دو پاکستانی ارکان کی میتوں کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے ذاتی کوششیں کیں۔
انہوں نے ایئرپورٹ پر موجود میڈیکل ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یمن سے آنے والے زخمی پاکستانیوں کا چیک اپ کیا، انہیں طبی امداد دی اور پاکستان کے لیے ان کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا۔

شیئر: