آبنائے ہرمز میں پائیدار سکیورٹی کے لیے خطے میں مستقل امن ضروری ہے: عمان
جمعرات 20 اگست 2026 13:53
عمان کی جانب سے یہ موقف جمعرات کو عمان کے وزیرِ خارجہ کی اپنے جاپانی ہم منصب سے گفتگو کے دوران سامنتے آئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عمان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دیرپا سلامتی اسی صورت ممکن ہے جب پورے خطے میں مستقل امن قائم ہو۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عمان نے مزید کشیدگی یا کسی بھی نئے تنازع کی مخالفت کرتے ہوئے اس مؤقف کا اظہار کیا۔
عمان کی جانب سے یہ موقف جمعرات کو عمان کے وزیرِ خارجہ کی اپنے جاپانی ہم منصب سے گفتگو کے دوران سامنتے آئی۔
دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے نئی بحری گزرگاہوں کے حوالے سے عمان کے ساتھ ہونے والا معاہدہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کی معیشت کو نشانہ بنانے کے لیے ایک بڑی نئی مہم شروع کر رہے ہیں، اور کسی بھی ایسے ملک کو ’بہت بڑی‘ سزا دینے کی دھمکی دی جو ایران کے ساتھ کاروبار کرے گا یا اس کی مدد کرے گا۔
اے ایف پی کے مطابق یہ شدت اختیار کرتی ہوئی اقتصادی دباؤ کی مہم اس وقت سامنے آئی ہے جب جنگ چھٹے مہینے میں داخل ہو رہی ہے اور نہ کوئی فوری سفارتی راستہ نظر آ رہا ہے اور نہ ہی فوجی۔
ٹرمپ کو نومبر کے انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ جنگ پر اندرونی سیاسی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔
انہوں نے بدھ کو ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’آج میں اعلان کر رہا ہوں کہ کسی بھی ملک کے خلاف اب تک کی سب سے زیادہ کچلنے والی اقتصادی کارروائی کی جائے گی! یہ ایک بے مثال پیمانے پر اقتصادی جنگ اور تنہائی ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ بھی اعلان کر رہا ہوں کہ کوئی بھی ملک جو اپنے مالیاتی اداروں، کاروباروں، ہوائی اڈوں یا سرکاری اداروں کو ایران کے لیے کسی قسم کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت دے گا، اسے خود بھی بہت بڑی اقتصادی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
