Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جین زی‘ کو ’گٹر جنریشن‘ کہنے پر بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت مشکلات کا شکار، مقدمہ دائر

کنگنا رناوت نے جنریشن زی اور مظاہرین کے حوالے سے سخت الفاظ استعمال کیے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکارہ اور انڈین لوک سبھا کی رکن کنگنا رناوت کو طلبہ کے احتجاج سے متعلق اپنے متنازع ’گٹر جنریشن‘ ریمارکس کے بعد قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق آگرہ میں راجیو گاندھی بار ایسوسی ایشن کے صدر اور وکیل رام شنکر شرما نے کنگنا رناوت کے خلاف خصوصی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔
یہ معاملہ نیٹ پیپر لیک کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ کے احتجاج سے متعلق ہے۔
کنگنا رناوت نے احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر جنریشن زی اور مظاہرین کے حوالے سے سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔
اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کنگنا رناوت نے احتجاج سے متعلق ویڈیوز کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ایک جگہ اتنی ’بدصورتی‘ پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے احتجاج میں شریک نوجوانوں کے بولنے کے انداز اور زبان پر بھی تنقید کی اور جنریشن زی کے ایک طبقے کو ’جنریشن گٹر‘ قرار دیا۔
کنگنا رناوت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ اب معاملہ عدالت تک پہنچ گیا ہے۔
درخواست گزار وکیل رام شنکر شرما نے مؤقف اختیار کیا کہ ’کنگنا رناوت کے الفاظ سے احتجاج کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین کی توہین ہوئی ہے۔‘
ان کے مطابق ’اداکارہ اور سیاست دان کو اس طرح کے ریمارکس دینے کی عادت ہے اور ان کے حالیہ بیان نے ملک کے نوجوانوں کی دل آزاری کی ہے۔‘

کنگنا رناوت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا (فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس)

انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے رام شنکر شرما نے بتایا کہ انہوں نے ’کنگنا رناوت کے خلاف سپیشل کورٹ برائے اراکین پارلیمنٹ و اسمبلی میں درخواست دائر کی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ معاملہ طلبہ کے مستقبل سے متعلق ہے، اس لیے احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے لیے ایسے الفاظ کا استعمال قابل قبول نہیں۔‘
رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت کے خلاف دائر درخواست پر آگرہ کی خصوصی عدالت میں 21 اگست 2026 کو سماعت ہوگی۔

شیئر: