Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن: سلووینین فارم کے تمام باز فروخت

پہلی بار شرکت کرنے والے سلووینین فارم نے نیلامی میں 23 باز پیش کیے (فوٹو: ایس پی اے)
سلووینیا کے ایک فالکن بریڈنگ فارم نے ریاض کے شمال میں واقع ملہم کے مقام پر جاری اس سال کے انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن میں شاندار آغاز کیا ہے جہاں اس نے اپنی شرکت کے پہلے ہی دن تمام لائے گئے باز فروخت کر دیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ کامیابی اس نیلامی کی زبردست مانگ اور باز پالنے کے شوقین افراد کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور ایسے افراد جو بریڈنگ کرنا چاہتے ہیں اور باز خریدنا چاہتے ہیں، کی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔
پہلی بار شرکت کرنے والے سلووینین فارم نے نیلامی میں 23 باز پیش کیے۔ فارم کے نمائندے عبداللہ البوعینین نے بتایا کہ پہلے ہی دن تمام باز فروخت ہو گئے جن میں پیور جیرفالکن اور ان کی ہائبرڈ نسلیں شامل تھیں۔
انہوں نے بریڈرز اور فالکنرز کو سہولیات فراہم کرنے پر نیشنل سینٹر فار فالکنز کی کاوشوں کو سراہا۔
عبداللہ البوعینین نے فروخت کے عمل کو انتہائی شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لائے گئے بازوں کے اعلیٰ معیار اور باز پروری کی دنیا میں شریک فارمز کے معتبر مقام کا ثبوت ہے۔
سلووینین فارم کا یہ تجربہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ یہ نیلامی کس طرح ایک قابلِ اعتماد منڈی بن چکی ہے جو نظم و ضبط اور شفافیت کے ماحول میں بریڈرز اور خریداروں کو اکٹھا کرتی ہے۔

یہ عالمی فارمز کو خریداروں کی ایک بڑی تعداد تک رسائی دیتی ہے جبکہ باز پروروں کو دنیا بھر کے فارمز سے بہترین نسلوں اور خصوصیات کے باز ایک ہی جگہ منتخب کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
21 دنوں تک جاری رہنے والی یہ بین الاقوامی نیلامی دنیا بھر سے فارمز کو اپنی طرف راغب کر رہی ہے۔

یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ایونٹ بن چکا ہے جو عالمی سطح پر بازوں کی بہترین نسلوں کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے اور باز پروروں و بریڈرز کے لیے سالانہ مرکز کا کام دیتا ہے۔ یہ تاریخی باز پروری کے ورثے کو محفوظ رکھنے اور اس کی ثقافتی و معاشی موجودگی کو مضبوط بنانے کی مملکتِ سعودی عرب کی کاوشوں کا مظہر ہے۔

 

شیئر: