Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹک ٹاکر عائشہ گلامنہ کے قتل کا سراغ، والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار

شمسو بی بی، جو سوشل میڈیا پر عائشہ گلامنہ کے نام سے جانی جاتی تھیں، ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے باعث مقبول ہوئی تھیں۔ 
راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور حقیقی بھائی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کے مطابق گرفتار افراد میں مقتولہ کا والد فضل، حقیقی بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ مقتولہ کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ گلامنہ کو قتل کروایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قانون کو دھوکہ دینے کے لیے واقعے کے بعد ایک ڈھونگ رچانے کی کوشش بھی کی۔
پولیس کے مطابق سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کے مقدمے کی تفتیش کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جو براہِ راست سی پی او کو پیش رفت سے آگاہ کرتی رہیں۔
تفتیشی ٹیموں نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جبکہ ہیومن انٹیلیجنس سمیت دستیاب دیگر ذرائع سے بھی معلومات اکٹھی کی گئیں۔
پولیس کے مطابق تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا۔ دوران تفتیش پولیس کے مطابق دونوں نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ غیرت کے نام پر قتل سامنے آئی ہے، تاہم مزید تفتیش کے دوران اس حوالے سے مزید اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔
ٹیکسلا پولیس نے واقعے کے بعد سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں اور پیشہ ورانہ تفتیش کے نتیجے میں پولیس کے مطابق مقدمے میں ملوث اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت سے قانون کے مطابق سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو 14 اگست 2026 کو ٹیکسلا میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق عائشہ اپنی 15 سالہ بہن عاصمہ اور بھائی نعمت اللہ کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے نکلی تھیں، جس کے کچھ ہی دیر بعد موٹر سائیکل سوار دو افراد نے ایک پٹرول پمپ کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ 
فائرنگ کے نتیجے میں عائشہ کو گردن پر گولی لگی اور وہ موقع پر  ہی دم توڑگئیں جبکہ گاڑی بے قابو ہو کر ایک دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ان کی بہن زخمی ہوگئیں۔ واقعے کے بعد تھانہ ٹیکسلا پولیس نے قتل اور اقدامِ قتل سمیت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں۔
عائشہ گلامنہ کون تھیں؟
شمسو بی بی، جو سوشل میڈیا پر عائشہ گلامنہ کے نام سے جانی جاتی تھیں، ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے باعث مقبول ہوئی تھیں۔ 
ان کے والد کے مطابق وہ تقریباً تین سے چار برس سے ٹک ٹاک پر سرگرم تھیں اور ان کے اکاؤنٹ پر 13 لاکھ سے زیادہ فالوورز تھے، جبکہ ان کی ویڈیوز کو کروڑوں لائکس بھی مل چکے تھے۔ 
عائشہ کی موت کے بعد اہلِ خانہ نے ان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا، جس کے باعث ان کا اصل اکاؤنٹ اب دستیاب نہیں ہے۔

شیئر: