Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور کویت نے دفاعی اور فوجی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے

کویتی اور پاکستان کے وزرائے دفاع نے معاہدے پر دستخط کیے ( فوٹو: کونا)
کویت اور پاکستان نے جمعرات کو مشترکہ دفاعی اور فوجی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان ملٹری ریلیشن اور آپریشنل کو آرڈینیشن کو مضبوط بنانا ہے۔
کویتی خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق ایک بیان مں کہا گیا کہ یہ معاہدہ کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کے دورہ اسلام  آباد کے دوران طے پایا ہے۔
کویتی وزیر دفاع نے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی اور معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر کویتی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد الشریعان اور اسلام آباد میں کویتی سفیر ناصر المطیری بھی موجود تھے۔
بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے دفاع نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ دفاعی اور فوجی شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے دفاع نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں پر بھی بات کی۔
کویتی فوج نے اس معاہدے کو کویت اور پاکستان کے درمیاان دفاعی اور فوجیا تعاون کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ آپریشنل کو آرڈینیش بڑھانے، تجربات کے تبادلے اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

علاوہ ازیں جمعرات کو پاکستانی وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان ’پروٹوکول معاہدہ 2026‘ پر دستخط کئے گئے جس سے ’دفاعی تعاون کے معاہدے 2023‘ کے تحت قائم موجودہ عسکری تعاون کے فریم ورک میں نمایاں بہتری آئے گی۔
نئے معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویت کی مسلح افواج کو تربیت، استعداد کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طے شدہ شعبوں سمیت مختلف امور میں معاونت فراہم کریں گی۔

 

شیئر: