Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ باس سیزن 20 کا آغاز: نئی چالیں، نئے چہرے اور ’جیون دان‘

سلمان خان کی میزبانی میں بگ باس کے سیزن 20 کا آغاز گذشتہ دنوں چھ ستمبر کو رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا (فائل فوٹو: بگ باس)
انڈین ٹیلی ویژن کا انتہائی مقبول لیکن ساتھ ہی متنازع ریئلٹی شو ’بگ باس‘ اپنے 20ویں سیزن کے ساتھ ایک بار پھر ناظرین کے سامنے ہے۔
بالی وڈ کے سپرسٹار سلمان خان کی میزبانی میں بگ باس کے سیزن 20 کا آغاز گذشتہ دنوں چھ ستمبر کو رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا اور اس مرتبہ بھی شو نے پہلے ہی دن یہ واضح کردیا کہ گھر کے اندر صرف شہرت کافی نہیں، اصل امتحان ذہانت، قوت برداشت اور حکمتِ عملی کا ہوگا۔
’دی اکانومک ٹائمز‘ کے مطابق اس سیزن میں ٹیلی ویژن، فلم، موسیقی، کھیل، گیمنگ اور سوشل میڈیا کی دنیا سے آنے والے چہروں کو ایک ہی چھت کے نیچے جمع کیا گیا ہے اور ان کے درمیان کا مقابلہ قابل دید ہوگا۔
اس بار سب سے نمایاں تبدیلی شو کا نیا تصور ’وردان‘ یعنی تحفہ یا عطیہ ہے، جس کے تحت مقابلے میں شامل افراد کو ایک نہیں بلکہ زندہ رہنے کے دو مواقع مل سکتے ہیں۔
سلمان خان نے پریمیئر کے موقع پر اسے ’ایکسٹرا جیون دان‘ کے طور پر پیش کیا۔ یعنی بگ باس کے گھر سے باہر ہونے کا خطرہ اس مرتبہ بھی موجود ہے، مگر کھیل میں واپسی یا دوسری اننگز کا راستہ بھی کھلا رکھا گیا ہے۔
ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ شو نے روایتی ٹی وی اور فلمی ستاروں کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا کے مقبول چہروں کو بھی نمایاں جگہ دی ہے۔ گیمنگ سٹار تنمے سنگھ، جو ’سکاؤٹ‘ کے نام سے مشہور ہیں، اسی بدلتے ہوئے بگ باس کا ثبوت ہیں۔ گیمنگ اور سٹریمنگ کی دنیا میں ان کی مقبولیت اچھی خاصی ہے اور بگ باس کے ذریعے اب یہ طبقہ ٹیلی ویژن کے روایتی ناظرین کے سامنے بھی ہوگا۔
اس سیزن کے شرکا کی فہرست کافی متنوع اور رنگا رنگ ہے۔ ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق گھر میں ٹیلی ویژن اداکارہ ماہی وج، پنچایت سیریل سے شہرت حاصل کرنے والے آصف خان، آسٹریا سے تعلق رکھنے والے اداکار و ماڈل روہد خان، گیمر تنمے سنگھ، اداکارہ اُدیتی سنگھ، پنجابی اداکارہ لو گِل، سوشل میڈیا سٹار عرشِفا خان، پنجابی اداکارہ ایشا ریکھی، بھوجپوری اداکارہ امرپالی دوبے، منوج تیواری کی بیٹی ریتی تیواری، عالمی شہرت یافتہ باکسر میری کوم، اداکارہ کَنیکا مان، کُشَل تنور عرف گُلّو، گلوکار قاضی توقیر اور اداکار امان گاندھی شامل ہیں۔
کھیل کے میدان سے تعلق رکھنے والی میری کوم کی شرکت خاص طور پر غیر معمولی ہے۔ وہ چھ مرتبہ عالمی امیچر باکسنگ چیمپئن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سنہ 2012 کے لندن اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پہلی انڈین خاتون باکسر ہیں۔
بگ باس میں ان کی آمد دراصل ان کے ریئلٹی شو ڈیبیو کے مترادف ہے۔ سوال یہ ہے کہ رنگِ باکسنگ میں مخالف کو چت کرنے والی میری کوم جذبات، سازشوں اور ذہنی کھیل سے بھرے بگ باس کے میدان میں کس طرح خود کو ثابت کرتی ہیں۔
آصف خان کے لیے یہ شو اپنی جدوجہد کی کہانی بیان کرنے کا موقع بھی ہے۔ ’پنچایت‘ کے داماد جی کے کردار سے مقبول ہونے والے آصف نے پریمیئر میں اپنے والد کی موت کے بعد مالی مشکلات اور ابتدائی جدوجہد کا ذکر کیا۔

کھیل کے میدان سے تعلق رکھنے والی میری کوم کی شرکت خاص طور پر غیر معمولی ہے (فائل فوٹو: بگ باس)

دوسری طرف قاضی توقیر وہ نام ہیں جو قریباً دو دہائیاں پہلے ’فیم گُروکل‘ جیت کر راتوں رات شہرت کی بلندی پر پہنچے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گلوکار اریجیت سنگھ نے بھی کہا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ بگ باس قاضی توقیر کی وجہ سے دیکھیں گے۔
ماہی وج، کنیکا مان اور امرپالی دوبے جیسے ٹی وی و علاقائی سنیما کے معروف چہرے بھی گھر میں اپنی اپنی مداحوں کی طاقت لے کر آئے ہیں۔ ایشا ریکھی کی موجودگی بھی پہلے ہی توجہ حاصل کرچکی ہے، جبکہ منوج تیواری کی بیٹی ریتی تیواری موسیقی کے ذریعے اپنی الگ شناخت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
پریمیئر کے فوراً بعد ہی گھر کا ماحول گرم ہونا شروع ہوگیا۔ میری کوم اور قاضی توقیر کے درمیان اختلاف، ماہی وج کا جارحانہ انداز اور مختلف کاموں پر شرکا کی بحث نے بتادیا کہ اس مرتبہ بھی بگ باس میں سکون شاید سب سے نایاب چیز ہوگی۔ پہلے ہی ہفتے کنیکا مان، اُدیتی سنگھ، لو گِل اور عرشِفا خان کو ایلی منیشن کے لیے نامزد کیا جاچکا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی ابتدائی ردعمل دلچسپ ہے۔ ہندی زبان کے اخبار ’نو بھارت ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بعض ناظرین نے ماہی وج کے پہلے دن کے رویے کو اس قدر نمایاں قرار دیا کہ ان کا موازنہ ان کے شوہر جے بھانوشالی کے پورے بگ باس سفر سے کیا جانے لگا، جبکہ قاضی توقیر کو ان کے انداز اور حرکات کی وجہ سے ’میم میٹیریل‘ قرار دیا جارہا ہے۔
یوں بگ باس 20 صرف ایک اور سیزن نہیں بلکہ بدلتے ہوئے انڈین تفریحی ذوق کی تصویر بھی دکھاتا ہے۔ ایک طرف میری کوم جیسی عالمی کھیلوں کی شخصیت ہے تو دوسری طرف گیمر سکاؤٹ اور سوشل میڈیا سٹار عرشِفا خان، جبکہ ٹی وی، فلم، علاقائی سنیما اور موسیقی کے معروف نام بھی اسی گھر میں موجود ہیں۔ اب اصل سوال یہی ہے کہ ’ایکسٹرا جیون دان‘ یا ’جیون دان‘ کس کے لیے دوسری اننگز ثابت ہوگا۔

شیئر: