Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ کرلیا

انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ مکمل کرلیا۔
سنیچر  کو برمنگھم میں ایجبسٹن کے میدان پر کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کو کامیابی کے لیے صرف 130 رنز درکار تھے، ہدف کے تعاقب کا آغاز میزبان ٹیم کے لیے انتہائی مشکل رہا۔ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے پہلے ہی اوور میں انگلینڈ کے دونوں اوپنرز بین ڈکیٹ اور ایمیلیو گے کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
 جو روٹ بھی اپنی پہلی ہی گیند پر سلپس میں کیچ ہوتے ہوتے بچے تاہم وہ جلد ہی سنبھل گئے اور تیز رفتاری سے رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے پیدا کیا گیا دباؤ کم کردیا۔
کپتان روٹ اس وقت بھی خوش قسمت رہے جب محمد علی کی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے گیند ان کے بیٹ سے لگ کر وکٹوں میں جا لگی تاہم امپائر نے اسے نو بال قرار دے دیا۔ 
روٹ نے 57 گیندوں پر چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس کے کچھ ہی دیر بعد جارڈن کوکس نے بھی اپنی ففٹی مکمل کرلی۔ دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو ہدف تک پہنچا دیا۔
انگلینڈ نے 25ویں اوور میں 130 رنز کا ہدف حاصل کیا۔ جو روٹ 62 اور جارڈن کوکس 59 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
رضا اللہ کی مزاحمت بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی
اس سے ایک روز قبل جمعے کو انگلینڈ تین دن کے اندر کامیابی حاصل کرنے کی پوزیشن میں دکھائی دے رہا تھا، پاکستان کے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضوان اللہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ کچھ دیر کے لیے بدل دیا تھا۔
نمبر نو پر بیٹنگ کرنے والے 21 سالہ رضااللہ نے صرف 63 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے محمد عباس کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کے لیے 121 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے باعث انگلینڈ کی فتح میں تاخیر ہوئی۔
رضوان اللہ نے انگلینڈ کی پہلی اننگز میں چار وکٹیں بھی حاصل کی تھیں اور ان کی آل راؤنڈ کارکردگی نے پاکستانی ٹیم کے لیے امید کی کرن پیدا کی، تاہم ان کی مزاحمت سیریز کا نتیجہ تبدیل کرنے کے لیے کافی ثابت نہ ہوسکی۔
پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کھائی تھی۔
تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں اور پہلی اننگز میں صرف 133 رنز پر آؤٹ ہونے کے باوجود میچ میں کچھ مزاحمت دکھائی تاہم انگلینڈ نے بالآخر 130 رنز کا ہدف حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔
دوسری جانب پاکستان کے خلاف کلین سویپ نے انگلش ٹیم کے حوصلے بلند کردیے ہیں۔ انگلینڈ کو اب مزید سخت چیلنجز کا سامنا ہوگا، جن میں دسمبر اور جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور اگلے سال اپنی سرزمین پر ہونے والی ایشز سیریز خاص طور پر اہم ہیں۔

شیئر: