اس موقع پر جمائمہ کے بھائی بین گولڈ سمتھ کی اہلیہ جمائما جونز نے اپنے شوہر کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی۔
انہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا، ’جمائمہ اور کیمرون کی شادی کی خوشی منا رہی ہوں، اپنے پسندیدہ ساتھی کے ساتھ۔ آج کا دن کتنا خوشگوار ہے۔‘
52 سالہ ایوارڈ یافتہ پروڈیوسر جمائمہ گولڈ سمتھ اور 62 سالہ آئرش نژاد آسٹریلوی کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کی ملاقات فلموں اور دستاویزی پروگراموں پر کام کے دوران ہوئی تھی۔
جمائمہ کی یہ شادی سابق پاکستانی کرکٹر اور وزیراعظم عمران خان سے ان کی پہلی شادی کے خاتمے کے دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد ہوئی ہے۔ دونوں کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور 2004 میں طلاق ہو گئی تھی۔
جمائمہ گولڈ سمتھ کی بھابھی جمائمہ جونز نے اپنے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے نئی جوڑے کو شادی کی مبارکباد پیش کی (فوٹو: انسٹاگرام، جمائمہ جونز)
جمائمہ گولڈ سمتھ کے شوہر کیمرون او ریلی کون ہیں؟
کیمرون او ریلی مرحوم سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں جو میڈیا کے بڑے کاروباری افراد میں شمار ہوتے تھے اور آئرلینڈ کی قومی رگبی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
کیمرون نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ اپنے کیریئر کے ایک حصے میں انہوں نے اپنے والد کے اخباری کاروبار، بشمول انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا اور آسٹریلوی اشاعتی ادارے اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں کام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے شعبے کا رخ کیا۔
وہ سوئٹزرلینڈ کی میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر کے سربراہ بھی رہے۔ 2011 میں اس کمپنی کو توشیبا نے دو اعشاریہ تین ارب ڈالر میں خرید لیا تھا۔
کیمرون اور جمائمہ کی منگنی کی خبریں رواں سال مئی میں سامنے آئیں (فوٹو: گیٹی ایمجز)
کیمرون اور جمائما کی منگنی کی خبریں پہلی بار رواں سال مئی میں سامنے آئی تھیں۔ دونوں نے اپنے تعلق کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا۔ کیمرون کے چار بچے ہیں جبکہ جمائمہ کے عمران خان سے دو بیٹے، سلیمان اور قاسم ہیں۔
سابق شوہر عمران خان کے لیے جمائمہ گولڈ سمتھ کی حمایت
یہ شادی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جمائمہ اور ان کے بیٹے پاکستان میں قید عمران خان کی رہائی کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔
جمائمہ نے 1995 میں سابق کرکٹر سے شادی کی تھی۔ طلاق کے بعد وہ اپنے بچوں کے ہمراہ برطانیہ واپس چلی گئی تھیں تاہم سابق جوڑے کے درمیان تعلقات خوش گوار رہے۔
جمائمہ گولڈ سمتھ اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
جمائما گولڈ سمتھ کی حالیہ زندگی
کیمرون سے اپنی شادی سے قبل، جمائمہ نے 2023 میں ہیلو میگزین کو ایک خصوصی انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے اپنی زندگی کی ان کامیابیوں پر بات کی جو ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔
جب ان سے ان کی سب سے بڑی کامیابی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اپنے بیٹوں کو سب سے مقدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ’ذاتی زندگی کی بات کی جائے تو یہ ہمیشہ میرے بچے ہی ہوں گے کیونکہ مجھے ان پر بے حد فخر ہے جو وہ بن چکے ہیں۔‘
جمائمہ نے اپنے پیشہ ورانہ سفر میں خود کو نئے چیلنجز سے حاصل ہونے والے اطمینان پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’پیشہ ورانہ طور پر، میرا خیال ہے کہ انسان کو ہمیشہ ایسی چیز پر فخر ہوتا ہے جسے کرنا بہت مشکل ہو۔ میں نے ٹیلی ویژن اور فلموں کے شعبے میں بہت کام کیا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں امریکہ اور برطانیہ کے لیے تقریباً 30 گھنٹے کی ٹیلی ویژن پروڈکشن کرچکی ہوں۔ لیکن فلم لکھنا ایک بالکل مختلف اور کہیں زیادہ بڑا چیلنج ہے۔ اس لیے مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہم اس مرحلے تک پہنچے ہیں، چاہے اس کا نتیجہ کچھ بھی ہو۔‘