Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سام سنگ‘ کا نیا ماڈل ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ کب لانچ ہو گا؟

’گلیکسی ایس 27 پرو‘ میں 6.47 انچ کا ڈائنامک ایمولیڈ 2 ایکس ڈسپلے دیا جا سکتا ہے (فوٹو: ٹیک ڈی روئیڈر)
’سام سنگ‘ نے اپنی آئندہ فلیگ شپ سمارٹ فون سیریز گلیکسی ایس 27 کے حوالے سے ایک اہم اشارہ دے دیا ہے۔
’فوربز‘ کے مطابق کمپنی پہلی مرتبہ اپنی مشہور ’گلیکسی ایس سیریز‘ میں ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ کے نام سے ایک نیا ماڈل متعارف کرانے جا رہی ہے۔
اس نئے فون کے وجود کی تصدیق موبائل انڈسٹری کے معتبر جی ایس ایم اے ڈیٹا بیس میں سامنے آنے والی دستاویزات سے ہوئی ہے، جس کے بعد ٹیکنالوجی حلقوں میں اس ڈیوائس کے حوالے سے دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق ’سام سنگ‘ کی ’گلیکسی ایس 27 سیریز‘ میں چار ماڈلز شامل ہوں گے جن میں ’گلیکسی ایس 27‘، ’گلیکسی ایس 27 پلس‘، ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ اور ’گلیکسی ایس 27 الٹرا‘ شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ ’سام سنگ‘ اپنی فلیگ شپ ایس سیریز میں ’پرو‘ ماڈل متعارف کرائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنی اس ماڈل کے ذریعے ان صارفین کو ہدف بنانا چاہتی ہے جو الٹرا ماڈل جیسی اعلیٰ خصوصیات تو چاہتے ہیں لیکن نسبتاً بڑے سائز اور زیادہ قیمت کی وجہ سے اسے خریدنے سے گریز کرتے ہیں۔
ابتدائی لیکس کے مطابق ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ میں 6.47 انچ کا ڈائنامک ایمولیڈ 2 ایکس ڈسپلے دیا جا سکتا ہے، جو نہ صرف شاندار رنگوں اور روشن تصویر کی صلاحیت رکھتا ہوگا بلکہ اچھی کارکردگی بھی فراہم کرے گا۔ فون میں جدید سنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جنریشن 6 پرو پروسیسر نصب کیے جانے کی توقع ہے جبکہ 12 جی بی یا اس سے زیادہ ریم کے ساتھ یہ ڈیوائس کارکردگی کے لحاظ سے مارکیٹ کے بہترین فونز میں شمار ہو سکتی ہے۔ بیٹری کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اس میں پانچ ہزار ملی ایمپیئر آور کی طاقتور بیٹری موجود ہوگی جو طویل استعمال کو یقینی بنائے گی۔
کیمرا سسٹم بھی اس فون کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہو سکتا ہے۔

’سام سنگ‘ نے ابھی تک ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ کے بارے میں باضابطہ اعلان نہیں کیا (فوٹو: گیٹی)

رپورٹس کے مطابق گلیکسی ایس 27 پرو میں دو سو میگا پکسل کا مرکزی کیمرا، 50 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا اور 50 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس دیا جا سکتا ہے جو تقریباً ساڑھے تین گنا آپٹیکل زوم کی سہولت فراہم کرے گا۔ اگر یہ معلومات درست ثابت ہوئیں تو ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ کی فوٹوگرافی صلاحیتیں موجودہ ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ کے کافی قریب ہوں گی۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’سام سنگ‘ کی موجودہ فلیگ شپ لائن اپ میں پلس اور الٹرا ماڈلز کے درمیان قیمت اور خصوصیات کا ایک نمایاں فرق موجود ہے۔ ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ اسی خلا کو پُر کرنے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس فون کی قیمت تقریباً 11 سو سے 11 سو 50 امریکی ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے، جس سے یہ ان صارفین کے لیے ایک پرکشش انتخاب بن جائے گا جو پریمیم فیچرز کے ساتھ نسبتاً مناسب قیمت والا فون خریدنا چاہتے ہیں۔
اگرچہ ’سام سنگ‘ نے ابھی تک ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ کے بارے میں باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم جی ایس ایم اے ریکارڈ میں اس کی موجودگی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ کمپنی اس ڈیوائس پر کام کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ فون متوقع خصوصیات کے ساتھ مارکیٹ میں آتا ہے تو یہ ’سام سنگ‘ کی فلیگ شپ حکمت عملی میں ایک اہم اضافہ ثابت ہو سکتا ہے اور صارفین کو الٹرا اور پلس ماڈلز کے درمیان ایک نیا اور متوازن انتخاب فراہم کرے گا۔

شیئر: