سام سنگ نے اپنے سالانہ گلیکسی اَن پیکڈ 2026 ایونٹ میں نئے فولڈ ایبل سمارٹ فونز، سمارٹ واچز اور مستقبل کے سمارٹ گلاسز کی رونمائی کرتے ہوئے اپنی گلیکسی مصنوعات کی نئی رینج متعارف کرا دی ہے۔
تقریب میں سب سے زیادہ توجہ نئے گلیکسی زی فولڈ 8 نے حاصل کی، جسے کمپنی نے روایتی فولڈ ایبل فونز کے مقابلے میں زیادہ چوڑے ڈیزائن اور ڈیجیٹل مواد دیکھنے کے بہتر تجربے کے لیے تیار کیا ہے۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق سام سنگ نے ایونٹ میں گلیکسی زی فولڈ 8، گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا، گلیکسی زی فلپ 8، گلیکسی واچ 9، گلیکسی واچ الٹرا 2 اور آئندہ آنے والے سمارٹ گلاسز سے متعلق نئی تفصیلات پیش کیں۔
مزید پڑھیں
-
’سام سنگ‘ کا نیا ماڈل ’گلیکسی ایس 27 پرو‘ کب لانچ ہو گا؟Node ID: 905774
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی مصنوعات کا مقصد صارفین کو مصنوعی ذہانت، بہتر ڈیزائن اور ایک دوسرے سے منسلک گلیکسی ایکو سسٹم کا زیادہ مکمل تجربہ فراہم کرنا ہے۔
گلیکسی زی فولڈ 8
تقریب میں سب سے زیادہ توجہ گلیکسی زی فولڈ 8 نے حاصل کی، جس کی ابتدائی قیمت ایک ہزار 900 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
سام سنگ نے اس ماڈل میں پہلی مرتبہ 4:3 اسپیکٹ ریشو متعارف کرایا ہے، جس کے باعث فون پہلے کے مقابلے میں زیادہ چوڑا اور نسبتاً مختصر ہو گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ڈیزائن ویڈیوز دیکھنے، سوشل میڈیا براؤزنگ، ای بکس پڑھنے اور ایک ساتھ متعدد ایپس استعمال کرنے کے لیے زیادہ موزوں ہے۔
گلیکسی زی فولڈ 8 میں 5.5 انچ کا کور ڈسپلے اور 7.6 انچ کی اندرونی سکرین دی گئی ہے، جبکہ دونوں ڈسپلے اینٹی ریفلیکٹو کوٹنگ اور 3 ہزار نٹس تک زیادہ سے زیادہ برائٹنیس کے ساتھ آتے ہیں تاکہ دھوپ میں بھی بہتر ویونگ ممکن ہو۔
سام سنگ نے اس میں نئی فلیکس ٹائٹینیم ڈسپلے ٹیکنالوجی استعمال کی ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سے سکرین پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے اور فولڈ ایبل فونز میں نظر آنے والی کریز بھی مزید کم ہو گئی ہے۔

کمپنی نے صارفین کی آرا کی بنیاد پر فون کے ہنج کو بھی تبدیل کیا ہے، جس سے اسے کھولنے کے لیے پہلے کے مقابلے میں کم قوت درکار ہوتی ہے، تاہم اب اسے گزشتہ ماڈل کی طرح درمیان میں کسی زاویے پر روکنا ممکن نہیں۔
فون میں 4 ہزار 800 ملی ایمپیئر آور سلکان کاربن بیٹری، 45 واٹ وائرڈ اور 20 واٹ وائرلیس چارجنگ دی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق بیٹری کو 30 منٹ میں صفر سے 63 فیصد تک چارج کیا جا سکتا ہے۔
گلیکسی زی فولڈ 8 میں 50 میگا پکسل وائڈ اور 50 میگا پکسل الٹرا وائڈ کیمرے موجود ہیں، جبکہ اندرونی اور بیرونی سکرین پر 10، 10 میگا پکسل سیلفی کیمرے دیے گئے ہیں۔
فون سنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جنریشن 5 فار گلیکسی پروسیسر سے لیس ہے، جبکہ اس میں گلیکسی اے آئی کے نئے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں مائی فین کیم اور فوٹو اسسٹ نمایاں ہیں۔
گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا
سام سنگ نے اپنی فولڈ ایبل سیریز کا نیا فلیگ شپ گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا بھی متعارف کرایا، جس کی قیمت دو ہزار 100 ڈالر رکھی گئی ہے۔

یہ ماڈل گزشتہ سال کے گلیکسی زی فولڈ 7 کے ڈیزائن کو مزید بہتر بناتے ہوئے پیش کیا گیا ہے اور اسے کمپنی نے اپنی فولڈ ایبل سیریز کا سب سے جدید فون قرار دیا ہے۔
گلیکسی زی فلپ 8
کمپنی نے گلیکسی زی فلپ 8 بھی پیش کیا، جس کی قیمت ایک ہزار 200 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
سام سنگ کے مطابق اس ماڈل میں گزشتہ نسل کے مقابلے میں مزید پتلا اور ہلکا ڈیزائن دیا گیا ہے، جبکہ کور ڈسپلے میں بھی بہتری لائی گئی ہے تاکہ صارفین فون کھولے بغیر زیادہ کام انجام دے سکیں۔
گلیکسی واچ 9 اور گلیکسی واچ الٹرا 2
سام سنگ نے نئی گلیکسی واچ 9 اور گلیکسی واچ الٹرا 2 بھی متعارف کرائیں۔
کمپنی کے مطابق دونوں سمارٹ واچز میں نئی پروسیسر، بہتر بیٹری اور مجموعی کارکردگی میں بہتری لائی گئی ہے۔

گلیکسی واچ الٹرا 2 کو زیادہ سخت ماحول اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ گلیکسی واچ 9 روزمرہ استعمال اور صحت سے متعلق فیچرز پر زیادہ توجہ دیتی ہے۔
گوگل کے اشتراک سے سمارٹ گلاسز
تقریب کے دوران سام سنگ نے اپنے آئندہ سمارٹ گلاسز سے متعلق بھی نئی معلومات شیئر کیں۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ ڈیوائس گوگل کے اشتراک سے تیار کی جا رہی ہے، جبکہ اس کے فریمز واربی پارکر اور جینٹل مونسٹر کے تعاون سے ڈیزائن کیے جا رہے ہیں۔

سام سنگ نے سمارٹ گلاسز کے نئے ڈیزائنز بھی دکھائے، تاہم ان کی قیمت، مکمل تکنیکی خصوصیات اور دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
فولڈ ایبل مارکیٹ میں مقابلہ
سی نیٹ کے مطابق سام سنگ کی یہ رونمائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایپل کی جانب سے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی رونمائی کی توقع کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ریسرچ ادارے کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے اندازوں کے مطابق 2026 میں فولڈ ایبل فونز کی عالمی ترسیل میں سالانہ بنیادوں پر 21 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
ادارے کا اندازہ ہے کہ سام سنگ تقریباً 32 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ سرفہرست رہے گا، جبکہ ایپل کے متوقع فولڈ ایبل آئی فون کے بعد اس کا مارکیٹ شیئر تقریباً 25 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔












