جنوبی کوریا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے تصدیق کی ہے کہ وہ رواں سال کے آخر میں اپنا نیا سمارٹ فون گلیکسی ایس 26 ایف ای اور اینڈرائیڈ ٹیبلٹ گلیکسی ٹیب ایس 12 مارکیٹ میں پیش کرے گی۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق سام سنگ نے رواں ہفتے سرمایہ کاروں کو سہ ماہی مالیاتی نتائج پر دی گئی بریفنگ کے دوران ان نئی ڈیوائسز کی لانچنگ کی باقاعدہ تصدیق کی ہے۔
یہ اعلان لندن میں منعقدہ گلیکسی ان پیکڈ ایونٹ کے ٹھیک ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے، جہاں کمپنی نے اپنی آٹھویں نسل کے فولڈ ایبل فونز اور نئی سمارٹ واچز متعارف کرائی تھیں۔
مزید پڑھیں
گلیکسی ایس 26 ایف ای فون سام سنگ کی مشہور ایس 26 سیریز کا آخری ماڈل ہوگا، جس میں پہلے سے گلیکسی ایس 26، ایس 26 پلس اور ایس 26 الٹرا شامل ہیں۔
دوسری جانب گلیکسی ٹیب ایس 12 کمپنی کی اگلی فلیگ شپ ٹیبلٹ سیریز کا مرکزی حصہ ہوگا۔
عالمی رپورٹس کے مطابق گلیکسی ایس 26 ایف ای اگست یا ستمبر میں جبکہ گلیکسی ٹیب ایس 12 ستمبر یا اکتوبر کے دوران فروخت کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔
سام سنگ ہر سال مختلف قیمتوں اور صارفین کی متنوع ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد ڈیوائسز متعارف کراتا ہے۔
جولائی میں ہونے والے ان پیکڈ ایونٹ میں بھی کمپنی نے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 الٹرا، گلیکسی زیڈ فولڈ 8، گلیکسی زیڈ فلپ 8، گلیکسی واچ الٹرا 2 اور گلیکسی واچ 9 پیش کیے تھے، جن کی پری آرڈر بکنگ جاری ہے۔

سام سنگ کے موبائل ایکسپیریئنس ڈویژن کے سٹریٹجک پلاننگ ہیڈ ڈینیئل آراوجو نے بریفنگ میں بتایا کہ ’ایس 26 ایف ای کو مارکیٹ میں لانے سے ایس 26 سیریز کی مقبولیت اور فروخت کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں ایس 26 سیریز کے پہلے سے موجود ماڈلز کی زبردست کامیابی کی بدولت کمپنی کے سمارٹ فونز کی مجموعی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈینیئل آراوجو نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ’ نیا ٹیبلٹ ٹیب ایس 12 سال 2026 کی دوسری ششماہی میں نئے فولڈ ایبل فونز اور واچ الٹرا 2 کے ساتھ ہی دستیاب ہوگا۔‘
متوقع فیچرز اور خصوصیات
اگرچہ سام سنگ نے ابھی دونوں ڈیوائسز کے تمام فیچرز کی باقاعدہ تفصیل جاری نہیں کی، تاہم ٹیک ویب سائٹس پر ان کی ممکنہ خصوصیات کی تفصیلات سامنے آ چکی ہیں۔
سام سنگ سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ سام موبائل کے مطابق گلیکسی ایس 26 ایف ای میں ایگزی نوس 2500 چپ سیٹ دی جا سکتی ہے، جو خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے جدید فیچرز اور اعلیٰ معیار کی گرافکس کارکردگی کے لیے تیار کی گئی ہے۔
سافٹ ویئر کے لحاظ سے یہ فون اینڈرائیڈ 17 پر مبنی ون یو آئی 9 پر چلے گا اور اس میں 6.7 انچ کی سکرین ہوگی۔ فون کے عقب میں تین کیمرے، 4,900 ایم اے ایچ کی بیٹری اور 45 واٹ فاسٹ چارجنگ کی سہولت ملنے کا امکان ہے، جبکہ اس کی قیمت ’تقریباً 800 امریکی ڈالر‘ (یعنی 2 لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے) ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ٹیکنالوجی پورٹل اینڈرائیڈ پولیس کے مطابق گلیکسی ٹیب ایس 12 سیریز میں اس بار ممکنہ طور پر بنیادی ماڈل پیش نہیں کیا جائے گا، بلکہ صرف دو ماڈلز، گلیکسی ٹیب ایس 12 الٹرا اور گلیکسی ٹیب ایس 12 پلس شامل ہوں گے۔
پلس ورژن میں 12.4 انچ کا ڈائنامک ایمولیڈ 2 ایکس ڈسپلے، ڈائمینسٹی 9500 پروسیسر، 12 جی بی ریم، 512 جی بی تک اسٹوریج اور 10,500 ایم اے ایچ سے بڑی بیٹری ملنے کی توقع ہے۔
سی نیٹ کے مطابق سام سنگ کے کسی نمائندے نے فی الحال ان رپورٹس پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا ہے۔
صنعت میں ڈیوائسز کی قیمتوں میں اضافے اور سخت مقابلے کے باوجود، خصوصاً ایپل کی جانب سے متوقع فولڈ ایبل آئی فون کی افواہوں کے درمیان، سام سنگ مسلسل خود کو حریفوں سے ایک قدم آگے رکھ رہا ہے۔













