ایشین گیمز کرکٹ میں چین بغیر کوئی گیند کھیلے باہر اور پاکستان کی سنسنی خیز فتح
ایشین گیمز کرکٹ میں چین بغیر کوئی گیند کھیلے باہر اور پاکستان کی سنسنی خیز فتح
جمعرات 17 ستمبر 2026 14:01
بنگلہ دیش کا سیمی فائنل میں مقابلہ پاکستان سے ہو گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جاپان کے شہر ناگویا میں ایشین گیمز کے باقاعدہ افتتاح سے دو روز قبل ہی کرکٹ کے میدان سے ایک دلخراش کہانی سامنے آئی ہے جہاں چین کی خواتین کرکٹ ٹیم 12 برس بعد ایشین گیمز میں واپسی کے باوجود ایک بھی گیند کھیلے بغیر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔
اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو کوروگی ایتھلیٹک پارک میں گو کہ آسمان صاف تھا اور دھوپ کھلی ہوئی تھی لیکن گزشتہ چند دنوں کی متواتر بارشوں کے باعث آؤٹ فیلڈ اس قدر گیلی تھی کہ چین اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانے والا کوارٹر فائنل میچ منسوخ کرنا پڑا۔
ایشین گیمز کے قواعد و ضوابط کے تحت بنگلہ دیش نے اعلیٰ رینکنگ کی بنیاد پر براہِ راست سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ چینی ٹیم کا خواب ادھورا رہ گیا۔
چینی ٹیم کے آسٹریلوی کوچ ایلن نیونگٹن نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہم جانتے تھے کہ پچھلے ہفتے کی موسم کی صورتحال کے بعد میچ کا ہونا مشکل ہو گا۔ گراؤنڈ سٹاف کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں لیکن ہمیں افسوس ہے کہ دنیا چینی خواتین کی صلاحیتیں نہ دیکھ سکی۔ ہم نئے عزم کے ساتھ دوبارہ واپسی کریں گے۔‘
دوسری جانب بنگلہ دیش کا سیمی فائنل میں مقابلہ پاکستان سے ہو گا جس نے اپنے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے خلاف انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کی۔
بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث 90 منٹ تاخیر سے شروع ہونے والا یہ میچ فی اننگز 11 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
تھائی لینڈ کی وکٹ کیپر ناناپاٹ کونچاروینکائی کی شاندار 49 رنز کی اننگز کی بدولت تھائی لینڈ نے 4 وکٹوں پر 91 رنز کا ہدف دیا۔
ناگویا میں ایک ہفتہ قبل ہونے والی ریکارڈ توڑ بارشوں نے شدید سیلابی صورتحال پیدا کر دی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جواب میں پاکستانی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم ٹیم نے آخری دو گیندوں سے قبل 7 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنا کر اپ سیٹ شکست سے خود کو بچا لیا۔
ناگویا میں ایک ہفتہ قبل ہونے والی ریکارڈ توڑ بارشوں نے شدید سیلابی صورتحال پیدا کر دی تھی جس کے باعث بعض کھلاڑیوں کو رہائش گاہیں بھی بدلنا پڑیں۔
جمعے کو سری لنکا بمقابلہ ملائیشیا اور جاپان بمقابلہ انڈیا کے کوارٹر فائنلز کے لیے موسم صاف رہنے کی توقع ہے تاہم سیمی فائنل اور میڈل کے مقابلوں کے دوران طوفانِ باد و باراں کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
مردوں کے کرکٹ مقابلے اگلے جمعرات سے شروع ہوں گے جہاں انڈیا، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کوارٹر فائنل مرحلے میں قدم رکھیں گے۔
انڈین ٹیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے ستاروں کے ساتھ 15 سالہ ابھرتے ہوئے باصلاحیت بلے باز وہیو سوریا ونشی بھی شامل ہیں۔