ویمنز ایشیا کپ: انڈین ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار
انڈیا نے ایک مرتبہ پھر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹورنامنٹ کی ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
اتوار کو انڈین ویمنز ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا کو شکست دے کر 8ویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا۔
کرک انفو کے مطابق دبئی میں سری لنکا کے خلاف بھارت کی 72 رنز سے فتح کے بعد ٹرافی پیش کرنے کی تقریب تقریباً 50 منٹ کی تاخیر کا شکار ہوئی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور وفاقی وزیرِ داخلہ بھی ہیں، تقریب میں موجود تھے جہاں انہوں نے سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔ اس کے بعد تقریب اچانک ختم کر دی گئی۔
سٹیڈیم سے براہِ راست نشر ہونے والی ویڈیو مناظر نے بھی اس بات کی تصدیق کی۔
سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپتھو نے محسن نقوی سے رنر اَپ ٹیم کی انعامی رقم کا چیک وصول کیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران جب بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مزومدار سے پوچھا گیا کہ کیا ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ تھا تو انہوں نے کہا کہ یہ مؤقف بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ) نے اختیار کیا ہے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
’ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہو چکا ہے۔ ہم چیمپیئن ہیں اور ہمارے لیے یہی کافی ہے۔ بڑے سکرین پر بھی درج تھا کہ انڈیا ایشیا کپ 2026 کا چیمپیئن ہے۔‘