’میں خود بھی ایک گول کرنا چاہتا تھا‘، سپین کے سٹار کھلاڑی یامل کا بیان
’میں خود بھی ایک گول کرنا چاہتا تھا‘، سپین کے سٹار کھلاڑی یامل کا بیان
جمعہ 3 جولائی 2026 6:08
یامل نے کہا کہ ’ہمارا جتنا اور اگلے مرحلے میں جانا، یہی سب سے اہم ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
سپین نے ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں آسٹریا کو 3-0 سے شکست دی اور ٹیم کے سٹار لامین یامل نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں، لیکن انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی گول کرنا چاہتے تھے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مین آف دی میچ قرار دیے جانے والے یامل نے کہا ’میں صرف ایک گول یا اسسٹ سے محروم رہا۔‘
لاس اینجلس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا جتنا اور اگلے مرحلے میں جانا، یہی سب سے اہم ہے۔‘
ایک رپورٹر نے پوچھا کہ ورلڈ کپ ناک آؤٹ جیتنے کے بعد وہ اداس کیوں لگ رہے تھے تو یامل نے کہا کہ وہ اندر سے خوش ہیں، چاہے باہر سے ظاہر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ’میں واقعی خوش ہوں۔ وہ میچ ختم ہو گیا، اب ہمیں اگلے پر سوچنا ہے۔‘
یامل نے مزید کہا کہ ’میں ہر سٹیڈیم میں مجھے دکھائی جانے والی محبت کے لیے بہت شکر گزار ہوں۔ یہ مجھے زیادہ حوصلے کے ساتھ میدان میں اترنے میں مدد دیتا ہے۔‘
یامل، جو 13 جولائی کو 19 سال کے ہو جائیں گے، نے دوبارہ کہا کہ ان کا خواب ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ورلڈ کپ سے بہتر کچھ نہیں، جب کوئی بچہ فٹبال کا خواب دیکھتا ہے، تو وہ ورلڈ کپ کھیلنے کا خواب دیکھتا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ مرحلے آگے بڑھتے جائیں اور سپین جیتے۔ ہم کسی ٹیم سے نہیں ڈرتے۔ ہم سپین ہیں۔ ہمیں یہ میدان میں ثابت کرنا ہے۔‘
گول کیپر اونائی سیمون نے کہا کہ ’ہمیں اسی معیار کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ مرحلے آگے بڑھتے جائیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
یامل اس وقت مسکرائے جب ایک صحافی نے انہیں ان کے تین سالہ بھائی کی ویڈیو دکھائی، جو لاس اینجلس کے سٹینڈز میں فتح کا جشن منا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے بہت خوشی ہوتی ہے جب میں اپنے بھائی، اپنی ماں اور اپنے دوستوں کو خوش دیکھتا ہوں، میرا بھائی میرے لیے بیٹے جیسا ہے۔ میں اسے چاہتا ہوں۔‘
جمعرات کی آسان فتح سپین کے لیے مسلسل چوتھی کلین شیٹ بھی تھی، اور اس ٹیم نے اب تک اس ورلڈ کپ میں کوئی گول نہیں کھایا۔ گول کیپر اونائی سیمون نے کہا کہ ’ہمیں اسی معیار کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ مرحلے آگے بڑھتے جائیں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ پیر کو ڈلاس میں راؤنڈ آف 16 میں پرتگال یا کروشیا کا سامنا کرنا پسند کریں گے، تو سیمون نے انتخاب سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’جب بھی ہم نے پرتگال کے خلاف کھیلا ہے، انہوں نے ہمیں بہت مشکل میں ڈالا ہے عمومی کھیل میں، دباؤ ڈالنے میں اور سیٹ پیسز میں۔‘