Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل میوزک پاکستان میں فعال، ماہانہ فیس کتنی ہے؟

’ایپل میوزک‘ پاکستان میں صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہوگئی ہے۔(فوٹو:ایپل)
ایپل کی میوزک سٹریمنگ سروس ’ایپل میوزک‘ پاکستان میں صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہوگئی ہے، جس کے بعد پاکستانی صارفین مقامی قیمتوں پر موسیقی کی اس سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ایپل میوزک کی پاکستان میں دستیابی کا عمل بتدریج سامنے آیا ہے اور اب صارفین اپنے آئی فون پر سروس کے ذریعے گانے تلاش اور سننے کے ساتھ سبسکرپشن بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

ایپل میوزک میں 10 کروڑ سے زائد گانے دستیاب ہیں، جنہیں صارفین اشتہارات کے بغیر سن سکتے ہیں۔
سروس میں گانے آف لائن سننے کے لیے ڈاؤن لوڈ کرنے، ذاتی پلے لسٹس بنانے اور اپنی پسند کے مطابق موسیقی دریافت کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ ایپل میوزک میں لاس لیس آڈیو اور ’سپیشل آڈیو‘ جیسی سہولیات بھی شامل ہیں، جبکہ ’ایپل میوزک کلاسیکل‘ کے ذریعے کلاسیکی موسیقی تک بھی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

 یہ سروس آئی فون، آئی پیڈ، میک اور ایپل واچ کے علاوہ اینڈرائیڈ اور ونڈوز ڈیوائسز پر بھی دستیاب ہے۔
پاکستان میں ایپل میوزک کے انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 379 روپے جبکہ فیملی پلان کی قیمت 649 روپے ہے۔
نئے صارفین کو ایک ماہ کا مفت ٹرائل بھی دیا جاتا ہے، جس کے بعد سبسکرپشن ماہانہ بنیاد پر جاری رہتی ہے۔

فیملی پلان کے ذریعے ایک سبسکرپشن کو خاندان کے مزید پانچ افراد کے ساتھ شیئر کیا جاسکتا ہے، جبکہ ہر فرد اپنی الگ میوزک لائبریری، پلے لسٹس اور موسیقی کی سفارشات حاصل کرسکتا ہے۔

تاہم ایپل نے پاکستان میں ایپل میوزک کے آغاز کا الگ سے باضابطہ اعلان نہیں کیا، جبکہ اس کی تازہ سرکاری دستیابی کی فہرست میں پاکستان کے لیے ایپل میوزک ابھی شامل نہیں ہے۔

پاکستانی صارفین اپنے آئی فون یا دیگر معاون ڈیوائسز پر ’میوزک‘ ایپ کھول کر اپنے اکاؤنٹ میں ایپل میوزک کی دستیابی اور مقامی سبسکرپشن پلان چیک کرسکتے ہیں۔

شیئر: