Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 پاکستان میں ایپل ٹی وی کی آمد، 200 روپے ماہانہ میں کیسے حاصل ہوگا؟

ایپل نے پاکستان میں ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
ایپل نے پاکستان میں اپنی ’آئی کلاؤڈ پلس‘ سروس کے ذریعے ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جہاں صارفین کو 50 جی بی سٹوریج کے ساتھ دونوں سروسز صرف 200 روپے ماہانہ میں دستیاب ہوں گی۔
ایپل کے مطابق آئی کلاؤڈ پلس کے تمام ادا شدہ پلانز میں ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ کو بغیر اضافی قیمت کے شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ اس سہولت  کو 100 سے زائد ممالک تک توسیع دی جا رہی ہے۔
پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں یہ نئی پیشکش دستیاب کی جا رہی ہے۔
ایپل کی پاکستان کے لیے مخصوص آئی کلاؤڈ پلس ویب سائٹ پر 50 جی بی پلان کی قیمت 200 روپے ماہانہ درج ہے، جبکہ اس پلان کے ساتھ ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ بھی اضافی قیمت کے بغیر شامل ہوں گے۔
200 روپے ماہانہ کے 50 جی بی آئی کلاؤڈ پلس پلان میں صارفین کو کلاؤڈ سٹوریج کے ساتھ آئی کلاؤڈ پرائیویٹ ریلے، ہائیڈ مائی ای میل، کسٹم ای میل ڈومین، ایپل انوائٹس اور ایک کیمرے کے لیے ہوم کٹ سیکیور ویڈیو کی سہولت بھی ملے گی۔
ایپل ٹی وی کے ذریعے صارفین ایپل کی اصل فلمیں، ڈرامے، دستاویزی پروگرام اور دیگر خصوصی مواد دیکھ سکیں گے، جبکہ ایپل آرکیڈ میں 200 سے زیادہ گیمز شامل ہیں جنہیں اشتہارات اور اِن ایپ خریداری کے بغیر کھیلا جا سکتا ہے۔
سروس فعال ہونے کے بعد آئی فون، آئی پیڈ یا میک پر ’سیٹنگز‘ میں اپنے ایپل اکاؤنٹ کے ذریعے ’سبسکرپشنز‘ میں جا کر آئی کلاؤڈ پلس پلان منتخب کیا جا سکے گا۔
جو صارف پہلے ہی آئی کلاؤڈ پلس استعمال کر رہے ہیں، ان کے پلان میں ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ خود بخود شامل ہو جائیں گے اور ان کے لیے الگ ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی۔
صارف اپنے آئی کلاؤڈ پلس پلان کو فیملی شیئرنگ کے ذریعے مزید پانچ افراد کے ساتھ بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ اس صورت میں سٹوریج، ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ کی سہولت بھی شیئر کی جا سکتی ہے، جبکہ ہر فرد کا ذاتی ڈیٹا الگ رہے گا۔

ایپل نے ’ایپل میوزک سلیکٹ‘ بھی متعارف کرایا ہے، جس میں اشتہارات سے پاک میوزک سٹیشنز دستیاب ہوں گے۔(فوٹو:ایپل)

پاکستان میں آئی کلاؤڈ پلس کے دیگر پلانز میں 200 جی بی پلان 800 روپے، 2 ٹی بی 2 ہزار 500 روپے، 6 ٹی بی 8 ہزار 900 روپے اور 12 ٹی بی 17 ہزار 900 روپے ماہانہ کا ہے۔
ایپل نے آئی کلاؤڈ پلس صارفین کے لیے ’ایپل میوزک سلیکٹ‘ بھی متعارف کرایا ہے، جس میں بغیر اشتہارات کے میوزک سٹیشنز دستیاب ہوں گے۔ 
ایپل کے مطابق آئی کلاؤڈ پلس میں ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ کی توسیع ستمبر کے اختتام تک 100 سے زائد ممالک اور خطوں میں کی جا رہی ہے، جبکہ ایپل ٹی وی کی دستیابی 170 ممالک تک پہنچ جائے گی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق بعض صارفین کو ایپل کی جانب سے ای میلز موصول ہوئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ ان کے موجودہ آئی کلاؤڈ پلس پلان میں شامل کر دیے گئے ہیں اور اس اضافے کے لیے کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ 

شیئر: