Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی پابندیاں، عراق کے مقدس شہر نے ایرانی پروازیں معطل کر دیں

متحدہ عرب امارات نے بھی جمعرات کو ایرانی ایئرلائنز معطل کرنے کا اعلان کیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
عراق کے نجف ایئر پورٹ نے جمعے کو ایران کی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں جو شیعہ مسلمانوں کے لیے ایک مقدس شہر کا درجہ رکھتا ہے۔
نجف ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ اقدام امریکی پابندیوں پر عملدرآمد کے تحت کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر حسین محنہ کے مطابق ’وزیراعظم آفس کی جانب سے نجف کے گورنر کو جاری کی گئی ہدایات کے بعد نجف اور ایران کے درمیان تمام پروازیں روک دی گئی ہیں۔‘
ملک کے جنوبی حصے میں واقع مقدس شہر نجف کا ایئر پورٹ بغداد کے بعد ایران سے آنے والی پروازوں کا اہم مرکز ہے۔
ان کے ذریعے عراقی شیعہ زائرین ایران کے مقدس شہروں کا سفر کرتے ہیں اور ایرانی زائرین عراق میں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے آتے ہیں۔
یہ پروازیں ایران میں زیر تعلیم عراقی طلبہ اور علاج معالجے کی غرض سے جانے والے مریضوں کے لیے بھی بہت اہم ہیں۔
عراق اور اس کا ہمسایہ ملک ایران دونوں ہی شیعہ اکثریت کے حامل ہیں اور ان کے درمیان گہرے سیاسی اور مذہبی تعلقات بھی ہیں۔
ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہا کہ ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں جمعے کی رات دو بجے معطل کی گئیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسے ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار سمیت کئی ذرائع نے رواں ہفتے بتایا تھا کہ عراق ایرانی ایئرلائنز پر عائد امریکی پابندیوں پرعمل کرے گا جبکہ متحدہ عرب امارات سمیت کئی دیگر ممالک پہلے ہی یہ پابندیاں نافذ کر چکے ہیں۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے بدھ کے روز کہا تھا کہ ’ایرانی ایئرلائنز کو بند کر دیا جائے گا۔‘
اگرچہ ایران اور عراق کے درمیان زمینی راستے بھی موجود ہیں تاہم عراق ایرانی ایئرلائنز کے لیے اہم ترین مقامات میں شامل ہے، خصوصاً اس لیے بھی کہ فروری میں مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد عراقی ایئرلائنز نے ایران کے لیے پروازیں بند کر دی تھیں۔

شیئر: