Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ: چھ سالہ بچے کی بوری بند لاش کا معمہ حل، چچی کو گرفتار کر لیا گیا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر گزشتہ ماہ پیش آنے والے چھ سالہ بچے کے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث بچے کی چچی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کوئٹہ پولیس کے سیریس کرائمز انویسٹی گیشن ونگ (ایس سی آئی ڈبلیو) کے سربراہ ایس ایس پی دوست محمد بگٹی کے مطابق یہ ایک مکمل طور پر ’بلائنڈ مرڈر‘ (اندھا قتل) کیس تھا جس کا ابتدائی طور پر کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا تاہم جدید تکنیکی ذرائع اور شواہد کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا گیا۔
دوست محمد بگٹی کے مطابق 20 اگست کو بچے کے والد پولیس ملازم باچا خان نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع درج کرائی تھی جس کے دو روز بعد بچے کی لاش اس کے گھر کے قریب سے ایک بوری میں بند حالت میں ملی۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر زیادتی اور تاوان کے لیے اغوا سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں جنہیں پولیس نے تفتیش میں رد کر دیا اور شواہد کی بنیاد پر دیگر پہلوؤں پر تفتیش کی۔
درج کرائے گئے مقدمے کے متن کے مطابق والد باچا خان نے پولیس کو بتایا کہ اس کا چھ سالہ بیٹا علی شاہ 20 اگست کی دوپہر مدرسے سے آنے کے بعد لاپتہ ہوا تھا۔ 22 اگست کو علی الصبح وہ نمازِ فجر کے لیے جا رہے تھے تو گھر کے دروازے کے پاس بوری میں بند لاش ملی جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل اور اغوا کی دفعات 302 اور 364-اے کے تحت مقدمہ درج کیا۔ کیس مزید تفتیش کے لیے سیریس کرائمز انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کیا گیا۔
ایس ایس پی دوست محمد بگٹی کی سربراہی میں ایس سی آئی ڈبلیو کی ٹیم نے کال ڈیٹا، رابطوں اور دیگر سائنسی شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ایس ایس پی سیریس کرائمز انویسٹی گیشن ونگ کے مطابق تفتیش میں شک کا رخ مقتول بچے کی سگی چچی کی طرف ہوا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
دوست محمد بگٹی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’دورانِ تفتیش سامنے آنے والے حقائق کے مطابق ملزمہ نے توہم پرستی اور ذاتی عناد کی بنا پر کمسن علی شاہ کو پہلے گلا گھونٹ کر قتل کیا۔ اس کے بعد لاش کو رسوائی اور گرفتاری سے بچنے کے لیے کمرے کے اندر واش روم میں پانی کے ٹب میں چھپا دیا۔‘
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ’ایک دو روز بعد جب لاش سے بدبو اٹھنے لگی تو ملزمہ نے اسے بوری میں بند کیا اور رات کی تاریکی میں گھر کے قریب ہی پھینک دیا۔‘
پولیس کے مطابق ملزمہ نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور پولیس معاملے کے مزید قانونی پہلوؤں کی کارروائی میں مصروف ہے۔

شیئر: