نائیجیریا کا فوجی طیارہ گر کر تباہ، عملے سمیت تمام 32 افراد ہلاک
وزیرِ ہوا بازی کے مطابق فضائیہ کا اے ٹی آر طیارہ بینن سٹی سے لاگوس کے لیے معمول کے مشن پر تھا (فوٹو: روئٹرز)
ایک نائیجیرین فوجی طیارہ بینن سٹی سے لاگوس جاتے ہوئے جنوب مغربی ریاست اوندو میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 25 مسافر اور عملے کے سات ارکان ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر بولا ٹینوبو نے تصدیق کی کہ پیر کو ہونے والے حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔ انہوں نے اس واقعے پر ’گہرے دکھ‘ کا اظہار کرتے ہوئے طیارے میں سوار افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
صدر بولا ٹینوبو نے ایک بیان میں کہا کہ ’چیف آف ایئر سٹاف نے مجھے بریفنگ دی ہے اور میں نے نائیجیرین فضائیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری طور پر مکمل تحقیقات شروع کی جائیں۔‘
وزیرِ ہوا بازی فسٹس کیامو نے کہا ہے کہ فضائیہ کا اے ٹی آر طیارہ بینن سٹی سے لاگوس کے لیے معمول کے مشن پر تھا جب پیر کو ایئر ٹریفک کنٹرولرز کا طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
یہ حادثہ حالیہ برسوں میں نائیجیریا میں ہونے والے سب سے زیادہ ہلاکت خیز فضائی حادثات میں سے ایک ہے۔
طیارے کا ملبہ ساحلی قصبے ایگبوکوڈا کے قریب ملا ہے جہاں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔