ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی یومیہ 58 لاکھ بیرل تک آپریشنل صلاحیت بحال
سعودی وزیر توانائی نے ’میڈ ان گلف 2026 ‘ فورم اینڈ ایکزیبیشن میں شرکت کی ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر توانائی، صنعت ومعدنی وسائل شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ’منگل کی صبح سے ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کے ذریعے خام تیل کی ترسیل یومیہ 58 لاکھ بیرل تک بحال کردی گئی۔‘
اخبار 24 کے مطابق منامہ میں ’میڈ ان گلف 2026 ‘ فورم اینڈ ایکزیبیشن کے دوران ڈائیلاگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا سعودی عرب خام مال کو تیارمصنوعات میں تبدیل کرنے کے جامع پروگرام پر کام کررہا ہے۔ خلیج تعاون کونسل کے تمام ممالک کو اس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا ’پروگرام کا مقصد خلیجی ممالک کے درمیان صنعتی اور معاشی انضمام کو فروغ دینا ہے جبکہ صنعتی ترقی کے ساتھ تحقیق، جدت اور ایجادات کو بھی آگے بڑھانا ضروری ہے۔‘
سعودی وزیر توانائی نے کہا ’ہم کانکنی، توانائی اور صنعت کے شعبوں کو یکجا کرنے پر کام کر رہے ہیں تاکہ ان شعبوں کی کوششوں کی اضافی قدر میں اضافہ کیا جا سکے۔‘
’ماضی میں یہ شعبے الگ الگ کام کرتے رہے تاہم سعودی عرب اب انہیں مربوط کرکے مقررہ اہداف حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مقامی صنعت صرف بیرون ملک موجود ٹیکنالوجی اور صنعتوں کو ملک میں منتقل کرنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ مقامی ضروریات کے مطابق نئی ٹیکنالوجیز کی تیاری ہی ’لوکلائزیشن‘ ہے۔‘
وزیر توانائی نے زور دیا کہ لوکلائزیشن کے تصور کو خوراک اور ادویات سمیت مختلف شعبوں تک وسعت دینی چاہئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اختراعی نظام کو صنعتوں کی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔
خیال رہے منامہ بحرین میں ’میڈ ان گلف 2026‘ فورم اور نمائش کا مقصد جی سی سی ممالک کے درمیان صنعتی و اقتصادی انضمام، شراکت داری اور خیلجی سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے علاوہ صنعتی شعبے ترقی کو مستحکم بنانا ہے۔
