ریاض: کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر حملے کے بعد آگ
اتوار 11 اکتوبر 2026 18:14
فضائی دفاعی نظام نے ایئرپورٹ کے قریب کروز میزائل کو روک کر تباہ کردیا۔( فوٹو: اے ایف پی)
ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل چار کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل (میزائل) سے نشانہ بنایا گیا جس سے آگ لگ گئی۔ حکام موقع پر پہنچ گئے، واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحادی افواج نے بیان میں کہا فضائی دفاعی نظام نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کردیا۔
ایک دن قبل سنیچر کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے میں 12 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
اتحادی افواج نے اس حملے کا سخت اور حتمی جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ سنیچر کو ایئرپورٹ کے مسافر ترمینل پر ہونے والا یہ حملہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی روشنی میں ایک سنگین جنگی جرم ہے۔
ترکی المالکی کا کہنا تھا ’شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملہ دہشت گردی کی کھلی کارروائی ہے اور اس کا نہایت سخت اور موثر جواب دیا جائے گا۔‘
