سعودی عرب پر حملے: حوثی ’انتہائی گھناؤنے رویے‘ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، صدر ٹرمپ
منگل 13 اکتوبر 2026 10:29
صدر ٹرمپ کا بیان سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل حملوں کے بعد سامنے آیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یمن کے حوثیوں نے ’انتہائی گھناؤنا رویہ‘ اپنا رکھا ہے تاہم انہوں نے گروپ کے خلاف امریکہ کی جانب سے کسی ممکنہ اقدام کے حوالے سے تفصیل نہیں بتائی۔
عرب نیوز کے مطابق حوثی ملیشیا نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈورون حملوں کے سلسلے کو تیز کیا ہے۔
پیر کی شب وائٹ ہاؤس سے اوہائیو روانگی کے وقت صحافیوں نے جب ان سے حوثیوں کے خلاف ممکنہ اقدامات کے حوالے سے سوالات پوچھے تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’حوثی بہت گھناؤنا رویہ اپنائے ہوئے ہیں جو کہ اچھی بات نہیں۔‘
ان کا یہ بیان سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایسا ہی ایک حملہ اتوار کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا گیا جس میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔
اس کے بعد سعودی حکام نے ریاض ایئرپورٹ کی پروازوں اور دیگر سرگرمیوں کی معطلی کو سنیچر تک بڑھا دیا ہے۔
صدر ٹرمپ سنیچر کو کہا تھا کہ وہ ایئرپورٹ پر حملے کے بعد حوثیوں کے خلاف امریکی فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں۔