فرانس کے سٹار فٹبالر کیلین ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں فرانس کے ہاتھوں پیراگوئے کی شکست کے بعد ایک پیراگوئین سینیٹر کی جانب سے کیے گئے نسل پرستانہ تبصرے کی شدید مذمت کی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق پیراگوئے کی لبرل ریڈیکل پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر سیلیسٹے اماریلا نے سنیچر کو فرانس کے خلاف میچ میں ایمباپے کی فیصلہ کن پینلٹی کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ان کے پس منظر، پرورش، تعلیم اور ظاہری شکل سے متعلق توہین آمیز اور نسل پرستانہ تبصرے کیے تھے۔
فرانس نے یہ میچ جیت کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جہاں اس کا مقابلہ جمعرات کو مراکش سے ہوگا۔
مزید پڑھیں
ایمباپے نے پیر کو ’ایکس‘ پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر کو ’قابلِ نفرت خاتون‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ پیراگوئے کی کانگریس میں خدمات انجام دینے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’آپ کی بے پروائی اور کھلے عام نسل پرستی کے باعث دنیا اب اس تاریخی سفر اور شاندار کارکردگی کو بھول چکی ہے جو پیراگوئے کے کھلاڑیوں نے اس ورلڈ کپ میں انجام دی۔‘
بعد ازاں سینیٹر اماریلا نے فرانسیسی اور ہسپانوی زبان میں ایک کھلا خط جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ان کا مسئلہ فرانس سے نہیں بلکہ ایمباپے سے تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ’میں نے ایمباپے کے ساتھ وہی توہین آمیز زبان استعمال کی جو خود مجھے ایک مخلوط النسل خاتون ہونے کے باعث سننی پڑی، اور اسی وجہ سے میں نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔‘ تاہم انہوں نے ایمباپے پر یہ الزام لگاتے ہوئے کہ اُن کے الفاظ خواتین کے خلاف تشدد کے مترادف ہیں، معافی کا مطالبہ کیا۔
سینیٹر نے کیلین ایمباپے کو بظاہر قانونی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر انہوں نے اپنے بیانات واپس نہ لیے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘
پیراگوئے کی حکومت نے بھی سینیٹر کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ تبصرے ان اقدار کے منافی ہیں جن پر ملک میں پرامن بقائے باہمی اور انسانی وقار کے احترام کی بنیاد رکھی گئی ہے۔‘ حکومت نے واضح کیا کہ ’یہ خیالات نہ تو ریاست اور نہ ہی پیراگوئے کے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔‘
Madame Celeste Amarilla,
Vous êtes une femme méprisable et indigne de sa fonction.
Vous ne représentez pas le Paraguay, ce pays qui a transpiré la passion et l’honneur tout au long de la compétition. Par votre inconscience et votre racisme décomplexé, le monde entier a déjà… pic.twitter.com/EnYmgQXvPL— Kylian Mbappé (@KMbappe) July 6, 2026












