Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فالکنز اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن میں ’الملواح‘ ریس کا آغاز، لاکھوں ریال کے انعامات

پہلے دن مقامی فالکنرز اور شوقیہ افراد کے لیے دو راؤنڈز منعقد ہوئے (فوٹو: ایس پی اے)
انٹرنیشنل فالکنز اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 2026 میں ’الملواح‘ ریس (بازوں کی روایتی ریس) کا آغاز ہو گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ریس ریاض کے شمالی علاقے ملھم کے ایگزیبشن اینڈ کانفرنس سینٹر میں منعقد کی جا رہی ہے۔ پہلے دن مقامی فالکنرز اور شوقیہ افراد کے لیے دو راؤنڈز منعقد ہوئے۔
پہلے راؤنڈ میں جیبر پیور فرخ کیٹگری میں اسامہ بن ثنیان کے باز نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ فہد ہجرس الدوسری کا فالکن عواد دوسرے نمبر پر رہا جبکہ احمد التمیمی کے فالکن شماخ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دوسرا راؤنڈ شاہین فرخ کیٹیگری کے لیے مخصوص تھا جس میں نواف العتیبی کے فالکن (351) نے پہلی جبکہ شایع السھلی کے فالکن (43) دوسرے اور ترکی ابو شویربات کے فالکن (8) نے تیسرے پوزیشن حاصل کی۔
مقامی مالکان اور شوقیہ افراد کے مقابلے جمعے کو بھی جاری رہیں گے جن میں جیر مثلث فرخ اور حر فرخ کیٹگیریز کے دو راؤنڈز ہوں گے۔

خیال رہے الملواح ریس کے ان راؤنڈز میں شرکت صرف ان کم عمر فالکنز تک محدود ہے جنہیں انٹرنیشنل فالکن بریڈنگ فارمز آکشن سے خریدا گیا ہو۔ نیشنل سینٹر فارفالکنز کی جانب سے منظور کردہ اس فیصلے کا مقصد مقابلوں میں نیلامی کے ذریعے فارمز کی پیداوار کی نمائندگی کو وسعت دینا ہے۔
رواں برس الملواح ریس کے لیے انعامی رقم 7 لاکھ 23 ہزار ریال رکھی گئی ہے جو ہر راؤنڈ کی پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والوں میں تقسیم کی جائے گی۔
ان میں چھ راؤنڈز مقامی مالکان اورامیچرز کے لیے جبکہ 6 راؤنڈ پروفیشنل اورایلیٹ کیٹیگری کے لیے مخصوص ہوں گے۔

مقامی مالکان اور شوق رکھنے والوں کے چھ راؤنڈز کے لیے مجموعی انعامی رقم دو لاکھ 61 ہزار ریال ہے۔ ہر راؤنڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 15 ہزار، دوسری پوزیشن والے کو 10 اور تیسری پوزیشن پر 7500، چوتھی کو چھ اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے کو پانچ ہزار ریال دیے جائیں گے۔
پروفیشنل ایلیٹ زمرے کے چھ راؤنڈز کے لیے مجموعی انعامی رقم چار لاکھ 62 ہزار ریال ہے جس میں پہلی پوزیشن کے لیے 25 ہزار، دوسری پر 20، تیسری پر 15، چوتھی کے لیے 10 اور پانچویں پوزیشن کے لیے سات ہزار ریال ہوں گے۔

الملواح  میں بنیادی توجہ باز کی رفتار اور اپنے مالک کی آواز پر بروقت رد عمل پر دی جاتی ہے۔ مقابلے میں فالکن نقطۂ آغاز سے 200 میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے اختتامی لائن ’الملواح‘ تک پہنچتا ہے۔
یہ مقابلہ فالکن ریس کے حوالے سے ایک قدیم روایت کو مسابقتی انداز میں پیش کرتا ہے اور نمائش میں آنے والوں کو فالکنری کے اس منفرد پہلو سے بھی روشناس کراتا ہے۔

 

شیئر: