Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیو یارک سٹی میراتھن: آخری مرحلے میں گرنے والی 24 سالہ خاتون دم توڑ گئی

ریچل نے حال ہی میں چارلسٹن سدرن یونیورسٹی میں ایم بی اے پروگرام کا آغاز کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
24  سالہ خاتون نیویارک سٹی میراتھن کے آخری مراحل کے دوران اچانک گرنے کے بعد انتقال کر گئیں۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق ریچل آپا کے والد سٹیو آپا نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ ان کی بیٹی سینٹرل پارک میں دوڑ کے اختتام سے تقریباً دو میل قبل، گر کر بے ہوش ہو گئی تھیں۔ یہ ریچل کی پہلی میراتھن تھی اور وہ پارکنسنز چیمپیئنز ٹیم کے ساتھ اپنے مرحوم دادا کی یاد میں دوڑ رہی تھیں، جو پارکنسنز کے مرض میں مبتلا تھے۔
سٹیو آپا کے مطابق ان کی بیٹی یونیورسٹی کے زمانے میں فیلڈ ہاکی کھیلتی تھیں اور ’مکمل طور پر صحت مند اور بہترین جسمانی حالت‘ میں تھیں۔
پنسلوانیا کے شہر لوئس بیری سے تعلق رکھنے والی ریچل کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے والد سٹیو اور والدہ مشیل آپا بھی موجود تھے۔
مشیل آپا نے دوڑ کے 14ویں میل پر اپنی بیٹی کی مسکراتی ہوئی ویڈیو بنائی تھی، لیکن 18ویں میل پر ریچل نے اپنے والد کو ایک پیغام بھیجا جس میں صرف ’اوہ‘ لکھا تھا۔ ایک میل بعد انہوں نے دوبارہ پیغام بھیجا: ’اوہ، اوہ‘۔
بعد ازاں 23ویں میل پر انہوں نے اپنے والد کو ’فائنل سٹریچ‘ کا پیغام بھیجا، جس سے لگ رہا تھا کہ وہ سنبھل گئی ہیں۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد وہ گر پڑیں۔
موقع پر موجود ایک شخص نے انہیں سی پی آر دی، جبکہ میراتھن کے طبی عملے نے ڈیفبریلیٹر کا استعمال کیا۔ بعد ازاں انہیں ماؤنٹ سینائی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔ رات 9 بج کر 40 منٹ پر ان کی موت واقع ہو گئی۔
ان کے والد کے مطابق ریچل کی موت رہیبڈومائیولائسز نامی ایک نایاب طبی کیفیت کے باعث ہوئی، جو شدید جسمانی مشقت کے نتیجے میں پٹھوں کے ٹوٹ پھوٹ کا سبب بنتی ہے۔
سٹیو آپا نے کہا کہ ’یہ ناقابلِ تصور ہے۔‘ ریچل نے حال ہی میں چارلسٹن سدرن یونیورسٹی میں ایم بی اے پروگرام کا آغاز کیا تھا۔

 

شیئر: