Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز گل کے پریس کانفرنس میں بولے گئے الفاظ انڈین گلوکار ایمی ورک کے نئے پنجابی گانے میں شامل

شہباز گل نے ایکس پر لکھا کہ انہوں نے یہ الفاظ ایک پریس کانفرنس میں کہے تھے (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی ایک پرانی پریس کانفرنس کے دوران کہے گئے الفاظ انڈین پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کے نئے گانے کا حصہ بن گئے ہیں جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
شہباز گل نے ایکس پر ایمی ورک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک ’غیر متوقع اور خوبصورت سرپرائز‘ ہے کہ گلوکار نے ان کے الفاظ کو موسیقی میں ڈھال کر انہیں ایک نئی زندگی دے دی۔
شہباز گل نے ایمی ورک کے لیے محبت اور احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’لہندا پنجاب، پاکستان‘ کی جانب سے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ شہباز گل کی ایک پرانی پریس کانفرنس کی ویڈیو میں ان کا ایک مخصوص جملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں وہ اپنے مخصوص انداز میں سیاسی مخالفین کو جواب دیتے دکھائی دیے تھے۔
اب اسی وائرل کلپ کے الفاظ کو ایمی ورک نے اپنے نئے پنجابی گانے ’اوپس‘ میں شامل کیا ہے جس کے بعد شہباز گل کی پرانی ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئی ہے۔
شہباز گل نے ایکس پر لکھا کہ انہوں نے یہ الفاظ ایک پریس کانفرنس میں کہے تھے لیکن ایمی ورک نے انہیں موسیقی میں تبدیل کردیا اور اب وہ اپنی الگ زندگی اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے گلوکار ایمی ورک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں نے ان کے ’الفاظ کو بالکل نئی زندگی دی۔‘
شہباز گل کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی مختلف ردعمل کا اظہار کیا۔ جبران الیاس نے ایمی ورک کی جانب سے ان الفاظ کے استعمال کو سراہتے ہوئے اسے ’لائن کا شاندار استعمال‘ قرار دیا۔

ایک صارف انس نے لکھا کہ کبھی کبھار دل سے نکلے ہوئے چند الفاظ درست آواز ملنے پر بہت بڑی چیز بن جاتے ہیں اور ایمی ورک نے واقعی انہیں خاص بنا دیا۔
شیخ ہوپفل نامی اکاؤنٹ نے گانے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ معروف گلوکار ایمی ورک نے شہباز گل کی ’آئیکونک لائن‘ اپنے ایک گانے میں استعمال کی ہے، جبکہ جمی ورک نے گانے کا لنک شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شہباز گل کی گرج دار آواز سنائی دیتی ہے۔

شیئر: