جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے انڈر19 ورلڈکپ کے فائنل میں بنگلہ دیش نے انڈیا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 178 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ رکنے کے باعث ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت یہ ٹارگٹ 170 رنز رہ گیا جو بنگلہ دیش نے 23 بالز پہلے حاصل کر لیا۔
اتوار کو پوٹ شیف روم سٹیڈیم میں کھلیے جانے والے اس میچ بنگلہ دیش کی طرف سے اکبر علی نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 جبکہ پرویز حسین نے 47 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
178 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور اس کی پہلی وکٹ 50 رنز پر گری مگر اس کے بعد آنے والے بیٹسمن زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کرسکے اور دیکھتے ہی دیکھتے 102 کے مجموعی سکور پر اس کی چھ وکٹیں گر گئیں۔
اس موقعے پر اوپنر پرویز حسین نے اکبر علی کے ساتھ مل کر اچھی پارٹنرشپ قائم کی۔ یہ پارٹنرشپ اس وقت ختم ہوئی جب 143 رنز پر پرویز حسین جیسوال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پرویز نے 47 رنز بنائے۔
اس کے بعد پرویز نے رقیب الحسن کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کی نیا پار لگائی۔
انڈیا کی جانب سے سپنر روی بشنوئی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار جبکہ سوشانت میشرا نے دو اور جیسوال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز سے ہی بنگلہ دیشی بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے نیتجے میں انڈیا کی پہلی وکٹ صرف نو کے مجموعی سکور پر گر گئی۔
پہلے نقصان کے بعد اوپننگ بیٹسمین یشسوی جیسوال اور ون ڈاؤن پر آنے والے تلک ورما نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 100 سکور مکمل کیا مگر پھر 102 کے مجموعی سکور پر ورما 38 رنز بنا کر تنظیم حسن ثاقب کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
تلک ورما کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کے ایک طرف تو جیسوال اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے رہے مگر دوسری طرف کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔ جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جیسوال کے علاوہ انڈیا کے صرف دو بیٹسمین ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہو پائے۔
یوں انڈیا کی پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 177 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جیسوال نے 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلں جبکہ تلک ورما 38 اور دھرو چاند جوریل 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے اویشک داس نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین جبکہ شریف الاسلام اور تنظیم حسن ثاقب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ رقیب الحسن نے بھی اچھی بولنگ کرائی اور 10 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
سیمی فائنل میں انڈیا نے پاکستان جبکہ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔