Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف سی کے قافلے پر حملہ، دو اہلکار ہلاک

حملہ فرنٹیئر کور بلوچستان کی 165 ونگ کے قافلے پر کیا گیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایرانی سرحد کے قریب فرنٹئیر کور (ایف سی) کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں دو اہلکار ہلاک اور ایک افسر سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ 
تربت میں سکیورٹی فورسز کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ یہ حملہ بدھ کی شام کو تربت سے تقریباً 130 کلومیٹر دور ضلع کیچ کے علاقے مند میں ردیگ کے مقام پر فرنٹیئر کور بلوچستان کی 165 ونگ کے قافلے پر کیا گیا۔ 
گھات لگائے مسلح عسکریت پسندوں نے مختلف اطراف سے قافلے میں شامل گاڑیوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملے میں ایف سی کے دو اہلکار سپاہی رضوان اور سپاہی اکبر ہلاک ہوگئے۔ چار اہلکار زخمی ہوئے جن میں میجر مشتاق اور نائب صوبیدار ظہور بھی شامل ہیں۔ 
حملے کی اطلاع پر قریبی چیک پوسٹوں اور مند سے ایف سی کی مزید نفری پہنچی تاہم اس سے پہلے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سکیورٹی عہدے دار کے مطابق حملہ آور چند کلومیٹر دوری پر واقع ایرانی سرحد کی طرف فرار ہوئے۔ 
لاشوں اور زخمیوں کو دو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ایف سی ہیڈکوارٹر تربت پہنچادیا گیا ہے۔ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ 
یاد رہے کہ بلوچستان کے اس علاقے میں بلوچ علیحدگی پسند مسلح تنظیمیں اس سے قبل بھی فورسز پر اس طرز کے حملے کرچکی ہیں۔ تازہ حملے کی ذمہ داری بھی کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔ 

شیئر: