Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صورتحال کا فائدہ ہوا،‘ پابندیوں میں 14 اپریل تک توسیع

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پابندیاں کم کرنے یا بڑھانے کا فیصلہ ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ 'حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم سے 14 اپریل تک موجودہ صورت حال کو برقرار رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاونین خصوصی ظفر مرزا اور معید یوسف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ 'قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کریں گے کہ بندشیں کم کی جائیں یا مزید بڑھائی جائیں۔'
انہوں نے کہا کہ تمام فریقین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پرعمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سکیورٹی ڈویژن معید یوسف نے بتایا کہ '3 سے 11 اپریل تک بیرون ملک کے لیے پی آئی اے کی 17 پروازیں چلائی جائیں گی۔'
'یہ پروازیں برطانیہ، کینیڈا، ملائشیا، ترکی، تاشقند اور باکو کے لیے چلائی جائیں گی اور وہاں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔'
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ اس وقت تک دنیا میں کورونا وائرس کے آٹھ لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
'گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے 178 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 ہزار 39 ہو گئی ہے۔'
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ 'پاکستان میں صحت یاب ہونے والے افراد کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب تک 82 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور کیسز میں بھی کمی آ رہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور بلاضرورت باہر نہ نکلیں۔'

شیئر: