Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: سپین میں شرح اموات میں پھر اضافہ

دنیا بھر میں 75 ہزار 973 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سپین میں کورونا وائرس سے روزانہ کی شرح اموات میں کمی آنے کے بعد ایک بار پھر  اضافہ ہوا ہے، جب کہ دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 13 لاکھ سے بڑھ گئی اور ہلاکتیں 75 ہزار سے زیادہ ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق منگل کی شام تک دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
اب تک اس وبا سے دنیا بھر میں 75 ہزار 973 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

 

اے ایف پی کے مطابق سپین میں گذشتہ روز چھ سو 37 اموات ہوئی تھیں جس کے بعد سمجھا جا رہا تھا کہ اموات میں بتدریج کمی ہوگی لیکن منگل کو یہ تعداد 743 ریکارڈ کی گئی ہے۔
سپین میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے جبکہ 13 ہزار 793 اموات ہوچکی ہیں۔
دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں مریضوں کی تعداد تین لاکھ 68 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔
کورونا وائرس سے سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 16 ہزار سے اوپر چلی گئی ہے، جب کہ ملک میں ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد مریض ہیں۔
تاہم اٹلی میں شرح اموات گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں کم ہوئی ہے۔ اٹلی میں روزانہ آٹھ سو سے ایک ہزار تک ہلاکتیں ہورہی تھیں جو اب چھ سو سے نیچے ہیں۔

فرانس میں بھی کورونا کے مریض اور ہلاکتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بدستور آئی سی یو میں ہیں اور برطانوی کابینہ کے ایک رکن کے مطابق وزیر اعظم کو طبیعت خراب ہونے پر آکسیجن سپورٹ دی گئی ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جو 52 ہزار 301 ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار 373 ہے۔
فرانس میں بھی کورونا کے مریض اور ہلاکتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، تاہم حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک ہفتے بعد وہاں حالات میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔
فرانس میں 98 ہزار 984 افراد متاثر ہوئے جبکہ 16 ہزار 354 صحتیاب ہوچکے ہیں، فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 911 ہوگئی ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں