Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹرز کے ورثا کے لیے ایک کروڑ کا اعلان

وزیراعلٰی کا کہنا ہے ڈاکٹرز کے لیے فائیو سٹار ہوٹل میں رہنے کا انتظام ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا میں دہلی کی ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں کام کرنے والے وہ ڈاکٹرز اور نرسز جو کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ہلاک ہو جائیں ان کے خاندانوں کو ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ 
انڈین میڈیا کے مطابق یہ اعلان دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کورونا وائرس کے خلاف کام کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ بدھ کو ایک ویڈیو کال کے دوران کیا۔ 
بعد میں ہونے والی ویڈیو نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ 'اگر کورونا وائرس کے لیے کام کرنے والوں میں سے کسی کی بھی جان جاتی ہے، چاہے وہ ڈاکٹر ہو، نرس یا صفائی کے عملے کا رکن، عارضی یا مستقل، انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے خاندانوں کو ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔' 
انہوں نے مزید کہا کہ 'کووڈ 19 سے لڑنے والے طبی عملے کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے، لیکن اس کے باوجود اگر ان کو کچھ ہوتا ہے تو حکومت متاثرہ خاندانوں کا خیال رکھے گی۔' 
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'کچھ ڈاکٹروں نے ان سے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی بھی درخواست کی ہے کیونکہ کچھ مریضوں کا رویہ سخت ہوتا ہے۔'  

چند ڈاکٹروں نے سکیورٹی تعینات کرنے کی درخوات بھی دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ 'بعض اوقات ایسی صورت حال بن جاتی ہے کہ طبی عملہ کام کرنے سے گریز کرتا ہے۔ منگل کو راجیو گاندھی ہسپتال میں ایک مریض نے خودکشی کرنے کی کوشش کی تو ڈاکٹروں نے اسے روکا اور سکیورٹی طلب کی۔'  
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ 'ڈاکٹروں نے ماسکس اور ٹیسٹنگ کٹس کے بارے میں بھی پریشانی کا اظہار کیا ہے۔' 
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 'ڈاکٹروں کے لیے فائیو سٹار ہوٹلز سے کھانے منگوانے کا بندوبست کیا گیا ہے اور جو گھر نہیں جا سکتے ان کے لیے فائیو سٹار ہوٹلز میں رہنے کا انتظام بھی موجود ہے۔'

شیئر: