Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید الاضحیٰ 31 جولائی کو ہوگی: فواد چوہدری

وزارت سنبھالنے کے بعد فواد چوہدری نے ایک کیلنڈر تیار کرایا تھا (فوٹو پی آئی ڈی)
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ان کی ‏وزارت ⁩ کے کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحیٰ 31 جولائی 2020  بروز جمعہ کو ہوگی۔
پیر کے روز عید کے چاند کے معاملے پر جاری کردہ ٹوئٹر پیغام میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ 21 جولائی کو ذی الحج کا چاند کراچی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں دوربین سے واضح طور پر اور کئی علاقوں میں خالی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو بتایا کہ چاند کی لوکیشن کے لیے ’رویت‘ ایپ بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
دنیا بھر کے مسلمان اسلامی یا قمری کیلنڈر کی تاریخوں کے مطابق سال کے آخری یعنی بارہویں مہینے ذی الحج (ذو الحجہ) کی دس تاریخ کو عیدالاضحٰی مناتے ہیں۔ عید قرباں یا بقر عید بھی کہے جانے والے اس تہوار کے موقع پر سنت ابراہیمی کی پیروی میں استطاعت رکھنے والے افراد کی جانب سے قربانی بھی کی جاتی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فواد چوہدری کی ٹویٹ پر دیے گئے ردعمل میں انہیں تعریف و تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو کچھ صارف ایسے بھی تھے جو صورت حال کی بہتری کے لیے تجاویز کے ساتھ سامنے آئے۔

’یہ تو ہو گا‘ کے ہینڈل سے ٹویٹ کرنے والے صارف نے تجاویز کا سلسلہ آگے بڑھایا تو لکھا ’سر ہمیں آپ سے توقع ہے کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں اپنی قوت صرف کریں‘۔

شاہد عمر زرعی ٹیکنالوجی اور سستی بجلی کی پیداوار سے متعلق تبصرے کے ساتھ سامنے آئے تو ساتھ ہی لکھا ’چاند (رویت) ہلال کمیٹی نے ہی دیکھنا ہے اور اسی کے مطابق فیصلہ صادر ہونا ہے‘۔

عید کے چاند کے معاملے پر پیدا ہونے والی ماضی کی صورتحال کے تناظر میں تبصرے کے ساتھ سامنے آنے والے صارفین میں سے کچھ بلڈ پریشر ہو جانے کے انتباہ کا ذکر کرنا بھی نہیں بولے۔

فواد چوہدری کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے آرنلڈ نامی ایک ٹویپ نے لکھا ’فواد بھائی چھٹیاں اچھی اناؤنس کرائیے گا‘۔

دنیا کے دیگر مسلم ملکوں کی طرح پاکستان میں عید الفطر اور عید الاضحی کے موقع پر عام تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا منصب سنبھالنے کے بعد فواد چوہدری نے ہجری کیلنڈر تیار کرایا تھا جس کی مدد سے آئندہ پانچ برس تک کے اسلامی یا قمری مہینوں کی تاریخیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ رویت ہلال کے حوالے سے وزارت کے تحت ایک ویب سائٹ کے اجرا کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

شیئر: