پاکستان میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، کراچی میں بارش کے باعث حادثات میں 10 ہلاک
کراچی میں بارش کے باعث سڑکوں پر پانی کھڑا ہے اور شہر میں عام تعطیل ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ ملک کے جنوبی ساحلی شہر کراچی میں منگل کی موسلادھار بارش کے بعد بدھ کی صبح بھی مختلف علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
شہر میں ریسکیو حکام نے بارش کے باعث حادثات میں دس ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کراچی میں بارش اور سیلابی صورتحال پر منگل کی رات ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کراچی میں 12 گھنٹے کے دوران 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ’بارش کی صورتحال کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا، تاہم اہم شاہراہیں کسی حد تک کلیئر کر دی گئی ہیں۔‘
سندھ کے وزیراعلیٰ نے کراچی میں بدھ کو عام تعطیل کا اعلان کیا اور عوام سے گھروں میں رہنے کے لیے کہا۔
وزیراعلیٰ نے خبر دار کیا ہے کہ ’مزید بارش کا امکان ہے اس لیے عام تعطیل کی ہے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔‘
اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزرا، میئر اور کمشنر کراچی بھی تھے۔
اس سے پہلے وزیراعلیٰ کو وزیراعظم شہباز شریف نے فون کیا اور کراچی و صوبے کے دیگر شہروں میں بارشوں کے حوالے صورتحال دریافت کی۔
جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’بارش میں کچھ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس کا شدید افسوس ہے۔‘
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہنگامی صورتحال میں ہرقسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
کراچی میں بارش کے باعث اموات
گلستان جوہر میں گھر کی دیوار گرنے سے بچوں سمیت چار افراد کی موت ہوئی جبکہ شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے دو نوجوانوں کی ہلاکت ہوئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق اورنگی میں ایک بچہ دیوار گرنے سے ہلاک ہوا جبکہ نارتھ کراچی میں کرنٹ سے ایک شخص کی موت ہوئی۔
ڈیفنس خیابان میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک شہری ہلاک ہوا۔
ملیر میں پیٹرول پمپ پر آگ لگنے سے بھی ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
شارع فیصل پر نرسری کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار کرنٹ لگنے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق گرومندر نالے میں ڈوب کر ایک 50 سالہ شہری عباس کی موت ہوئی۔
ریسکیو سروس نے بتایا ہے کہ ڈیفنس کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک موٹر سائیکل سوار کی موت واقع ہوئی۔