Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پلازما وہ کرے جو ماں کے آنسو نہ کر پائیں‘

پلازما کو کورونا مریضوں کے لیے مفید تسلیم کیا جاتا ہے (فوٹو سوشل میڈیا)
گزشتہ چند روز کے دوران سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر یہ اطلاع خاصی حیرت سے دیکھی گئی کہ کورونا مریضوں کے لیے مفید پلازما فروخت کیا جا رہا ہے۔
اب انہی ٹائم لائنز پر صارفین پلازما عطیہ کرنے کی تلقین پر مبنی گفتگو کرتے ہوئے اس کی افادیت کو نمایاں کر رہے ہیں۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کی گئی ٹویٹس میں ناصرف پلازمے کے عطیے کی افادیت بتائی گئی بلکہ کورونا کا شکار مریضوں کے لیے اس کی اہمیت کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔
دیگر سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس خصوصا فیس بک پر ایسے گروپس بھی بنائے گئے ہیں جہاں پلازما کا عطیہ دینے والے یا اس کے ضرورت مند براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
چند روز قبل پلازما عطیہ کرنے والوں کے اندراج کے لیے ایک ویب سائٹ کا اعلان بھی کیا گیا تھا جہاں ڈونرز خود کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں تاکہ ضرورت کہ وقت فوری طور پر رابطہ کیا جا سکے۔
عائشہ گلریز نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’ماں کے آنسو بچے کو نہیں بچا سکتے لیکن آپ کا پلازما یہ کام کر سکتا ہے‘۔ انسانیت کے لیے پلازما عطیہ کریں کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر خوشی کا اقرار کیا کہ وہ پلازما ڈونر ہیں۔
 

سجو خان نامی ہینڈل نے گفتگو میں شرکت کی تو لکھا ’دینے سے کوئی کبھی غریب نہیں ہو سکتا‘۔
 

ثمن شہزاد نے پلازما عطیہ کرنے کی افادیت کو اپنا موضوع بنایا تو لکھا ‘کووڈ 19 کا شکار مریضوں کو پلازما مہیا کرنا ان کی قوت مدافعت کو اتنا توانا کر سکتا ہے کہ وہ وائرس کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکے‘۔
 

عاطرہ محسن پلازما عطیہ کرنے کے اثرات پر مبنی تبصرے کے ساتھ شریک گفتگو ہوئیں تو لکھا ’پلازما دینا آپ سے کچھ  لے گا نہیں البتہ یہ انسانیت کو محفوظ کرے گا‘۔
 

پلازما فروخت کرنے سے متعلق اطلاعات پر عام صارفین نے ناگواری کا اظہار کیا تو شعبہ طب کی جانب سے بھی اس معاملے سے بچنے کی تاکید کی گئی۔
بچوں کے علاج سے متعلق ایک امریکی طبی مرکز نے اپنی ٹویٹ میں ہدایت کی کہ ’آن لائن سائٹس خون اور تھوک فروخت کر رہی ہیں تاکہ کورونا کے خلاف قوت مدافعت بہتر کی جا سکے۔ یہ دھوکہ ہے۔ کووڈ19 سے صحتیاب ہونے والے فرد کا پلازما مریض کو طبی سہولت کے ساتھ ہی منتقل کیا جا سکتا ہے۔ تھوک اور خون نہ خریدیں۔
 

پلازما کیا ہے؟

انسانی خون کا سب سے بڑا جزو کہلانے والا پلازما خون سے سرخ و سفید خلیوں، پلیٹ لیٹس اور دیگر خلیاتی اجزا الگ کر کے حاصل کیا جاتا ہے۔ خون میں 55 فیصد تناسب رکھنے والا پلازما پانی، نمکیات اور انزائمز پر مشتمل ہوتا ہے۔
نیویارک میں قائم یونیورسٹی آف راکسٹر کے ہیلتھ انسائیکلوپیڈیا کے مطابق یہی مائع (پلازما) خون کے دیگر اجزا کو پورے جسم تک پہنچاتا ہے۔
خون کے دیگر اجزا سے الگ کیے جانے پر پلازما کا رنگ ہلکا زرد دکھائی دیتا ہے۔ پلازما کا مقصد ہارمونز، غذائیت اور پروٹینز کو جسم کے ان حصوں تک پہنچانا ہوتا ہے جنہیں ان کی ضرورت ہو۔ مختلف خلیے اپنا اضافی حصہ یا فضلہ پلازما میں شامل کرتے ہیں جو اسے انسانی جسم سے خارج کرنے میں بھی معاونت کرتا ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: