Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سرفراز کا بیٹا بھی پاکستان کو سرفراز کرے گا‘

پاکستان نے انڈیا کو 180 رنز سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)
18 جون وہ یادگار دن ہے جب آج سے تین سال قبل پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا۔
یوں تو یہ ٹورنامنٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے ہی چیلنجنگ تھا مگر سرفراز احمد کے لیے یہ اس لیے بھی اہم تھا کیونکہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔
لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے انڈیا کو 180 رنز سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان کے کرکٹ شائقین کی سوشل میڈیا ٹائم لائنز اس میچ کی جھلکیوں پر مبنی کلپس اور کھلاڑیوں کی تصاویر سے بھری ہوئی ہیں جس پر وہ تبصرے کرتے ہوئے کرکٹرز کی شاندار کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
سرفراز احمد نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جسے صارفین بے حد پسند کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو ان کے بیٹے عبداللہ کی ہے جس کے بارے میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ اب تک پانچ مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل دیکھ چکا ہے۔
اس ویڈیو میں سرفراز احمد اپنے بیٹے سے چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے سوالات کر رہے ہیں جن کا وہ بڑی جلدی سے معصومانہ انداز میں جواب دے رہے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اس میچ کے بارے میں سب یاد ہے۔

سابق کپتان اپنے بیٹے عبداللہ سے پوچھتے ہیں کہ ’عبداللہ آج کے دن ہم کیا جیتے تھے؟‘ جس کے جواب میں وہ ’چیمپیئنز ٹرافی‘ کہتا ہے۔
دوسرا سوال یہ کیا گیا کہ پاکستان نے آج کے دن کس کو ہرایا تھا؟  جس پر جواب ملتا ہے 'انڈیا۔'
سرفراز احمد نے جب پوچھا کہ سینچری کس نے سکور کی تھی تو عبداللہ نے فخر زمان کا نام لیا۔
میچ میں وکٹس لینے والے کھلاڑیوں سے متعلق سوال میں عبداللہ نے شاداب خان، محمد عامر اور حسن علی کا نام لیا۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شیئر کر رہے ہیں۔

اقرا اکرم نامی صارف نے لکھا کہ 'یہ بہت معصوم ہے ماشااللہ۔ جیسے اس نے چاچو کہا۔ بہت سارا پیار۔'

ایک اور صارف سید مریم زہرا نے لکھا کہ 'عبداللہ اپنے ابا کی طرح پاکستان کو سرفراز کرے گا۔'

فاہد ظہیر نامی ٹوئٹر صارف نے تو عبداللہ کے مستقبل میں پاکستان کے کپتان بننے کی پیشگوئی کر دی۔ انہوں نے لکھا کہ 'اپنے باپ کی طرح، پاکستان کا اگلا کپتان، کرکٹ اس کے خون میں ہے۔'

شیئر: