Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوڈ وارنر: ’ریچھ کو چھیڑنے سے باز رہیں‘

وارنر کا کہنا ہے کہ کوہلی پر فقرے کسیں تو وہ مزید جارحانہ کھیل پیش کرتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیم کو متنبہ کیا ہے کہ رواں برس انڈیا کے دورہ آسٹریلیا کے موقعے پر انڈین کپتان وراٹ کوہلی پر فقرے نہ کسے جائیں کیونکہ ایسا کرنے سے کوہلی کا کھیل مزید بہتر ہوگا۔    
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ’ریچھ کو چھیڑنے (سلیجنگ) کی کوشش سے صرف یہ ہوگا کہ سٹار بیٹسمین کا کھیل مزید بہتر ہو جائے گا۔‘
انڈین ٹیم رواں سال دسمبر میں آسٹریلیا پہنچے گی اور شیڈول کے مطابق جنوری 2021  تک میزبان ٹیم کے ساتھ چار ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔
آسٹریلین بیٹنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی تصور کیے جانے والے ڈیوڈ وارنر کے بقول وہ اس محاذ آرائی کے لیے تیار ہیں مگر وہ انڈین کپتان پر طنز کرنے اور فقرے کسنے سے باز رہیں گے۔
انڈیا ٹوڈے ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے وارنر نے کہا کہ گراؤنڈ میں زیادہ شائقین ہوں اور میدان میں ایک جنگ جیسا ماحول ہو تو وہ بہتر کھیل پیش کرتے ہیں۔
’مجھے لگتا ہے کہ کوہلی بھی بالکل اسی طرح کے ہیں، آپ کوہلی پر فقرے کسیں تو وہ مزید جارحانہ اور حیرت انگیز کھیل پیش کرتے ہیں۔‘  
وارنر کے مطابق ’ریچھ کو چھیڑنے کا کوئی جواز نہیں کیونکہ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو اصل میں آپ اسے زیادہ بھڑکا دیتے ہیں۔‘
گذشتہ برس انڈیا نے 71 برس میں پہلی بار آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر شکست دیتے ہوئے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی تھی۔

وارنر اور سمتھ گذشتہ برس ہونے والی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکے تھے (فوٹو: فاکس نیوز)

بال ٹمپرنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے پابندی کا شکار ڈیوڈ وارنر اور سابق کپتان سٹیون سمتھ یہ سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔
وانر نے کہا ہے کہ 'میں بہت پرجوش ہوں کہ مجھے یہ سیریز کھیلنے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ گذشتہ سیریز میں ہم برا نہیں کھلیے تھے لیکن ہمیں اچھی ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔'
وارنر نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی وجہ سے ٹی20 ورلڈکپ کا انعقاد ملتوی ہو جاتا ہے تو وہ انڈین پریمیم لیگ کھیلنے کے خواہاں ہیں۔

شیئر: