Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سیاحتی سمر فیسٹول کی تیاریاں

سروے میں 81 فیصد نے داخلی سیاحت کو ترجیح دی (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ مملکت کے 10 مقامات پر سمر فیسٹیول منعقد کرنے کے حوالے سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔
وزیر سیاحت نے سعودی سمر فیسٹیول سے متعلق آن لائن تیاری اجلاس کے دوران کہاکہ  سعودی عرب پرکشش مقامات ، جاذب نظر شہروں اور قدرتی مناظر کی صورت میں کامیاب سیاحت کی بہت ساری خصوصیات کا مالک ہے-
العربیہ نیٹ کے مطابق الخطیب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے سے شہریوں کو روزگار کے مواقع  بھی میسرآئیں گےجبکہ قومی پیداوار میں اضافہ بھی ہو گا-

 سعودی عرب میں دس ہزار تاریخی مقامات ہیں (فوٹو، ایس پی اے)

انہوں نے مزید کہا سعودی عرب میں  دس ہزار تاریخی مقامات ہیں- ان میں سے پانچ یونیسکو میں عظیم الشان انسانی تاریخی ورثے کےطور پردرج  ہیں-
الخطیب نے کہا کہ نجی ادارہ ہی سعودی عرب میں سیاحت کو فروغ دے گا جہاں تک سیاحتی پیکیجز کا تعلق ہے تو طلب اور رسد کے اصول پر سیاحتی پروگراموں کے نرخ مقرر ہوں گے-  تسلی کی بات یہ ہے کہ ہمارے یہاں ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنسٹ کے علاوہ نجی مکانات بھی سیاحوں کے لیے کرایے پر دستیاب ہیں-
سعودی محکمہ سیاحت کے سربراہ فہد حمید الدین نے کہاکہ طویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہری اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکی ذہنی تکان محسوس کرنے لگے ہیں-
اکثر داخلی سیاحت کی خواہش ظاہر کررہے ہیں- کمپنیاں اس موقع سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے-
فہد حمید الدین نے کہاکہ داخلی سیاحت کے شائقین ساحلی شہروں، کشتیوں اور قدرتی مناظر سے مالا مال مقامات سے متعلق معلومات جمع کررہے ہیں- یہ سب کچھ ہم سیاحتی کمپنیوں کو مفت پیش کررہے ہیں-
امسال سعودی سمر فیسٹیول کا سلوگن ’تنفس‘ (کھلی ہواؤں میں سانس لیں) ہوگا-   ہاؤس آّئسولیشن کے حالات سے گزرنے کے بعد لوگوں کو دل بہلانے اور بند مقامات پر اے سی کے ماحول سے نکل کر تازہ ہوا میں سانس لینے کی ضرورت کے پیش نظر منتخب کیا گیا ہے-

فیسٹول کو ’تنفس‘ کا عنوان دیا گیا ہے(فوٹو، ایس پی اے) 

سعودی محکمہ سیاحت نے چند روز قبل تیار کی جانےوالی ایک جائزے کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 81 فیصد سعودی داخلی سیاحت کے مشتاق ہیں- 38 فیصد نے اس کا سبب یہ بیان کیا تھا کہ داخلی سیاحت اہل خانہ کے لیے محفوظ ثابت ہوگی- 29 فیصد کا کہناتھاکہ وہ سعودی عرب کے قدرتی مناظر سے لطف اٹھانا چاہتے ہیں-
جائزے میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر 80 فیصد لوگ  یورپی و ایشیائی ممالک کے سفر سے گریز کریں گے جبکہ  57 فیصد نے فضائی سفر کی بابت تشویش کا اظہار کیا تھا-
 

شیئر: