Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرینی قیادت کی امن معاہدے پر امارات کو مبارکباد

تین ہفتے کے اندر امریکہ میں ہونے والی ملاقات میں معاہدے پر دستخط ہوں گے۔(فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات سے متعلق  امن معاہدے کے اعلان پرعالمی اور علاقائی سطح پر اس اقدام کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق  گذشتہ روز خلیجی ریاست بحرین کے فرمانروا  شیخ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے انہیں اسرائیل کےساتھ معاہدہ کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

عالمی اور علاقائی سطح پر اس اقدام کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

انہوں‌ نے توقع ظاہر کی کہ امارات اور اسرائیل میں یہ معاہدہ خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔
بحرینی فرمانروا نے امارات اسرائیل معاہدے کو جرات مندانہ اور خطے میں تاریخی امن کی طرف اہم قدم قرار دیا۔
شیخ حمد بن عیسیٰ  کا کہنا تھا کہ اس طرح کے معاہدے خطے کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہیں۔

امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔(فوٹو عرب نیوز)

اسرائیل اور امارات کے درمیان تعلقات کے قیام سے امن کے مواقع کو آگے بڑھانے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے نئے راستے کھولنے، خطے کی اقوام کے امن، ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اسرائیل اور امارات کے درمیان معاہدہ کرانے میں امریکہ کی  کوششوں کو بھی سراہا اور کہا  ہے اس سے مشرق وسطیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو کسی نتیجے تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

معاہدہ کرانے میں امریکہ کی  کوششوں کو بھی سراہا گیا(فوٹو ٹوئٹر)

دریں اثناء امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نہیان نے مملکت بحرین کی جانب سے خطے کے مفادات اور اقوام کی امن وسلامتی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کرانے کا اعلان کیا تھا۔
امارات اور اسرائیل نے بھی باہمی تعلقات کے قیام کی تصدیق کی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امارات سے معاہدے کے بدلے میں اسرائیل نے فلسطینی اراضی پراپنی خود مختاری کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن معاہدہ خطے کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہے(فوٹو ٹوئٹر)

اس معاہدے پر دونوں ممالک تین ہفتے کے اندر امریکہ میں ہونے والی  ملاقات میں دستخط کریں گے۔ اجلاس میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتنیاہو اور امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نہیان شرکت کریں گے۔
 

شیئر: