Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ایک اور سیاہ فام نوجوان ہلاک

امریکہ میں سیاہ فام افراد کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکتوں کے حالیہ واقعات کی لہر میں ایک اور واقعہ واشنگٹن میں بدھ کو پیش آیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک کیے جانے والے شخص کی عمر 18 سال تھی اور اسے شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں اس وقت گولی ماری گئی جب پولیس ایک گاڑی میں مبینہ طور پر بندوقیں لے جانے والوں کے خلاف کارروائی کر رہی تھی۔
جب پولیس گاڑی کی طرف جانے لگی تو کچھ افراد وہاں سے بھاگ گئے۔ واشنگٹن پولیس کے چیف پیٹر نیوزہیم نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھاگتے ہوئے افراد کی طرف پولیس نے گولی چلائی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک آدمی کو گولی لگی جسے ہسپتال لے جانے پر پتا چلا کہ وہ ہلاک ہو گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس افسروں کو واقعے کی جگہ سے دو بندوقیں بھی ملیں۔
اس واقعے سے قبل امریکہ بھر میں منی ایلپس شہر میں جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے۔ مظاہروں کے باوجود لاس اینجلس میں بھی ایک افریقی امریکن آدمی کو مارا گیا تھا۔
مقامی کونسل کے رکن ٹریون وائٹ نے ڈبلیو یو ایس اے نوئن نام کے نیوز چینل کو بتایا کہ انہوں نے واشنگٹن میں ہلاک کیے جانے والے شخص کی والدہ سے بات کی۔

جارج فلوئیڈ کو منی ایپلس میں ہلاک کیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہلاک کیے جانے والے شخص پر گولی چلنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی۔
نیوز ویب سائٹ ڈی سی اسٹ سے بات کرتے ہوئے ٹریون وائٹ نے بتایا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں سامنے سے گولی ماری گئی جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ گولی پیچھے سے لگی تھی۔
مقامی کونسل کے ایک اور نمائندے مارکس بیٹچیلر کے ڈے سی اسٹ کو بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے شخص نے حال ہی میں اپنی 18 ویں سالگرہ منائی تھی۔
'ہمیں واقع کے بارے میں زیادہ معلوم نہیں لیکن میرے حساب سے ایک 17 یا 18 سالہ جوان لڑکے کے ہمارے شہر میں مارے جانے کی بہت کم وجوہات ہیں، خاص طور پر اگر وہ غیر مسلح تھا یا بھاگ رہا تھا۔'

شیئر: