Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ: غیر ملکیوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

اکاونٹس ہولڈرزکو پرفریب طریقوں سے لوٹ رہا تھا ( فوٹو: سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات میں شارجہ پولیس نے ٹیلیفونک رابطے کرکے تارکین کو لوٹنے والے جعلساز گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق شارجہ  پولیس نے بیان میں خبردار کیا ہے کہ ریاست میں 9 رکنی گروہ خود کو بینکوں کا نمائندہ ظاہر کرکے اکاونٹس ہولڈرزکو پرفریب طریقوں سے پھنسا رہا تھا اسے گرفتار کرلیا گیا۔ آئندہ اس قسم  کے عناصر سے ہوشیار رہا جائے۔ 
پولیس کے ڈائریکٹر کرنل حمد الریامی نے بیان میں کہا کہ نو رکنی گروہ پکڑا گیا ہے جو سادہ لوح اکاونٹ ہولڈرز سے ٹیلیفونک رابطے کرکے فرضی کہانیاں سنا کر ان سے بینک معلومات حاصل کر لیتا تھا اور ان کے اکاونٹس کو ہیک کرکے رقم نکال لیتا تھا۔  
ایک غیرملکی سے رابطہ  کرکے اس گروہ کے ایک ممبر نے کہا کہ وہ بینک اہلکار ہے۔ بینک میں نجی معلومات اپ ڈیٹ کرانے کے لیے اس سے ضروری معلومات حاصل کیں اور اس کے اکاونٹ سے 96 ہزار درہم نکال لیے۔
ترجمان نے بتایا کہ 9 رکنی گروہ کا تعلق ایشیا سے ہے۔ اس گروہ کے لوگ دھوکہ دہی کے دھندے میں ملوث ہیں۔ وہ کبھی ایس ایم ایس کرکے اور کبھی ٹیلیفونک رابطے کرکے لوگوں کو لوٹتے رہے ہیں۔ 
گروہ کے قبضے سے متعدد سمارٹ فون اور سمز برآمد ہو ئی ہیں۔ یہ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں ایس ایم ایس اور ٹیلیفونک رابطے کررہے تھے۔ ان کے قبضے سے کرنسی بھی ملی ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: