Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبرپختونخوا نیشنل ٹی 20 چیمپئن بن گیا

دو ففٹی اننگز نے خیبرپختونخوا کو فاتح کا اعزاز حاصل کرنے میں مدد دی (فوٹو پی سی بی)
فخر زمان اور شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ بولنگ نے خیبرپختونخوا کونیشنل ٹی20 کپ کا نیا چیمپئن بنا دیا ہے۔
ایونٹ کے فائنل میں 10 رنز سے شکست کھانے والی سدرن پنجاب کی ناقص فیلڈنگ نے چند قدم دور پڑی ٹرافی کو پہنچ سے دور کردیا۔
دو سوسات رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 196رنز ہی بناسکی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کےابتدائی تین کھلاڑی محض 34 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد حسین طلعت نے 33 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی۔ انہوں  نےخوشدل شاہ کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔ خوشدل شاہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے اختتامی اوورز میں محمد عمران نے 13 گیندوں پر چار چھکے اور دو چوکے لگا کر 38 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔ فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان  مسعود نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو خیبرپختونخوا کے اوپنرز فخر زمان اور محمد رضوان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ  کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کپتان محمد رضوان 25 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس لوٹے مگر بائیں ہاتھ کے اوپنر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ جاری رکھا،انہوں نے سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔
افتخار احمد ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ کریز پر آئے۔ دونوں بلے بازوں نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شعیب ملک نے 22 گیندوں پر چار چھکوں اور تین  چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد حفیظ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور کی صرف دو گیندوں کا سامنا کرنے والے مصدق احمد سات رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 


عمدہ بیٹنگ کے بعد خیبرپختوا کی ٹیم نے بولنگ کے شعبے میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا (فوٹو پی سی بی)

خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ سدرن پنجاب کے زاہد محمود، عامر یامین اورمحمد عمران نے  ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 
میچ میں دھواں دھار نصف سنچری اور باؤنڈری لائن پر حسین طلعت کا شاندار کیچ پکڑنے  پر شعیب ملک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایونٹ میں تقریباََ 90 لاکھ  روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی، جہاں چیمپئن؎ ،خیبرپختونخوا کی ٹیم  50 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ ساتھ چمچاتی ٹرافی کی حقدار ٹھہری۔سدرن پنجاب  کو 25 لاکھ روپے اور رنرزاپ ٹرافی دی گئی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی فائنل کے دوران سدرن پنجاب کی فیلڈنگ کو خاصی تنقید کا سامنا رہا (فوٹو پی سی بی)

ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، وکٹ کیپر، بیٹسمین اور باؤلر کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا ۔ ایونٹ کے 12 میچوں میں 420 رنز بنانے والے فخر زمان کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو 10 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کرنے پر ایونٹ کا بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔ 12میچوں میں 10 کیچز اور 2 اسٹمپس کرنے پر خیبرپختونخوا کے محمد رضوان کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔ایونٹ کی بہترین فیلڈنگ سائیڈ کا ایوارڈ بھی خیبرپختونخوا کے  نام رہا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: