Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سب امریکیوں کا صدر بنوں گا‘، منتخب ہونے کے بعد بائیڈن کا اعلان

امریکی میڈیا کے مطابق جو بائیڈن نے پنسلوینیا میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) اور امریکی ٹی وی چینلز کے مطابق ڈیمو کریٹ امیدوار جو بائیڈن صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
اے پی کے مطابق انہوں نے الیکٹورل کالج کے 284 ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔ دنیا بھر سے جو بائیڈن کو کامیابی کے بعد مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے جو بائیڈن کو امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ 
قبل ازیں امریکی میڈیا نے خبر دی کہ ریاست پنسلوینیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی جس میں جو بائیڈن کامیاب قرار پائے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی ٹی وی چینلز سی این این، این بی سی نیوز اور سی بی ایس نیوز کے حوالے سے بتایا کہ فیصلہ کن ریاست پنسلوینیا میں جیت کے بعد جو بائیڈن صدارتی الیکشن میں کامیاب ٹھہرے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ تمام امریکیوں کے صدر ہوں گے۔
ایک بیان میں بائیڈن کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے اعزاز ہے کہ آپ نے مجھے ہمارے عظیم ملک کی قیادت کرنے کے لیے چنا۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ، 'ہمارے آگے جو کام ہے وہ مشکل ہو گا، لیکن میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں تمام امریکیوں کے لیے صدر ہوں گا، چاہے آپ نے مجھے ووٹ دیا ہو یا نہ دیا ہو۔ میں اس بھروسہ کا خیال کروں گا جو آپ نے مجھ پر کیا۔'
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹی وی چینلز پر جو بائیڈن کی جیت کی پروجیکشن کے بعد کہا ہے کہ ’جو بائیڈن جھوٹ کے سہارے جیتنے کا دکھاوا کر رہے ہیں۔‘
قبل ازیں ایک ٹویٹ میں ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی جیت کا اعلان کیا اور لکھا کہ وہ بڑے فرق سے جیت چکے ہیں۔
جو بائیڈن کی مہم چلانے والی ٹیم نے کہا ہے کہ وہ رات کو خطاب کریں گے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق واشنگٹن میں جو بائیڈن کے حامی افراد باہر نکلے ہیں اور خوشی منا رہے ہیں۔

شیئر: